انٹرٹینمنٹ
29 نومبر ، 2015

اردو ادب کا دمکتا ستارہ بانو آپا 87برس کی ہوگئیں

اردو ادب کا دمکتا ستارہ بانو آپا 87برس کی ہوگئیں

لاہور .....اردو ادب کا درخشاں ستارہ بانو قدسیہ 87 برس کی ہو گئی ہیں،ضعیفی نے ڈیرے تو ضرور ڈال لئے ہیں، لیکن انہیں پیار کرنے والوں کی اب بھی کوئی کمی نہیں،اپنی سالگرہ پر بانو آپابہت خوش نظر آئیں۔

چہرے پر خوبصورت مسکان سجائے سب کو کھلے دل سے ملتی اور پیار بانٹتی بانو قدسیہ 87برس کی ہوگئی ہیں،1928ء میں بھارت کے شہر فیروز پور میںپیدا ہوئیں، ہجرت کے وقت سرحد کے اِس پار آ پہنچیں اور پھر یہیں کی ہو کر رہ گئیں۔

جن انگلیوں نے قلم تھام کر زندگی کی سچائیوں اور رویوں کو موضوع بنایا،آج وہ ضعیفی کی لپیٹ میں تو ہیں ، ساتھ ہی مطمئن بھی ہیں ، زندگی کو بھر پور اور مثبت جینے والی بانو آپا ارد گرد پیار کرنے والوں کو دیکھ کربے حد خوشی محسوس کرتی ہیں۔

31 کے قریب تصانیف کی خالق بانو قدسیہ کے ہاتھوں سے جہاں راجہ گدھ ،آتشِ زِیرِ پا اور امر بیل جیسی شہرہ آفاق تحریریں نکلیں وہیں، نجی زندگی میں وہ گھریلو خاتون کی طرح سب کے ساتھ مل جل کر رہیں۔

بانو آپا کی ادب دوستی کا ثبوت انکی تصانیف،کہانیاں،اور افسانے تو ہیں ہہی،لیکن انکی انسان دوستی انکے ہر انداز سے خوب چھلکتی ہے ،شاید اسی لئے ہر کوئی نیک تمناؤں کےساتھ سالگرہ مبارک ہو بانو آپا ،پکا ر رہا ہے۔

مزید خبریں :