25 دسمبر ، 2015
واشنگٹن........امریکی صدارتی امیدوار بننے کے خواہش مند ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنی پارٹی ری پبلکن کے دیگر امیدواروں کے مقابلے میں کہیں زیادہ عوامی حمایت حاصل ہے ۔
امریکی ٹی وی سی این این ۔ او آر سی کے ایک سروے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کو 39 فی صد افراد کی حمایت حاصل ہے ۔ یہ سروے گذشتہ ہفتے امریکی ٹی وی پر ری پبلکن امیدواروں کے مباحثے کے بعد کیا گیا ۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو دسمبر کے آغاز سے ری پبلکن کے دیگر امیدواروں پر تین پوائنٹس کی سبقت حاصل رہی ہے ۔ اُن کے قریب ترین امیدوار ٹیڈ کروز ہیں جن کے حق میں 18 فی صد افراد نے رائے دی ہے ۔
ری پبلکن پارٹی کے دیگر امیدواروں بین کارسن اور مارکو روبیو کو دس دس فی صد افراد کی حمایت حاصل ہے ۔ ایک اور ری پبلکن امیدوار گورنر نیو جرسی کرس کرسٹی کو پانچ فی صد افراد نے صدارتی امیدوار بنانے کی حمایت کی ہے ۔