پاکستان
04 جون ، 2012

لوڈ شیڈنگ کیخلاف ملک بھر میں احتجاج جاری، بنوں میں 4 افراد زخمی

لوڈ شیڈنگ کیخلاف ملک بھر میں احتجاج جاری، بنوں میں 4 افراد زخمی

بنوں / لاہور / ڈی جی خان / چارسدہ/ فیصل آباد … بنوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجروں کا احتجاج جاری ہے، اس دوران پولیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ سے 4افراد زخمی ہوگئے جبکہ لاہور، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور چارسدہ میں بھی لوڈشیڈنگ کیخلاف مظاہرے کئے گئے۔ خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف مکمل شٹرڈاوٴن کیا گیا، تاجر تنظیموں اور شہریوں نے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے۔ اس دوران بعض مشتعل افراد نے دکانوں اور گاڑیوں پر پتھراوٴ کیا۔ سائن بورڈز اکھاڑ پھینکے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے لاٹھی چارج، ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی،جس سے بنوں پریس کلب کے صدر سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کے الزام میں 10 تاجروں کو گرفتار کرلیا۔ چارسدہ میں بھی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے علامتی طور پر کفن پہنے ہوئے تھے، انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور واپڈا کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ ڈیرہ غازی خان میں صبح 5 بجے سے بجلی کی فراہمی منقطع ہے، جس کے باعث شہریوں کو پانی کی بھی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسپتال چوک کے قریب شہریوں نے مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر ٹریفک بلاک کردیا اور بجلی کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا ۔ فیصل آباد میں طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف تاجروں کی 3 روزہ ہڑتال ختم ہونے کے بعد آج سے کاروباری مراکز کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔ لاہور کے علاقے گرین ٹاوٴن میں خواتین نے طویل لوڈشیڈنگ اور پانی کی بندش کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے پوسٹرز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پربجلی کی لوڈشیڈنگ اورپانی نہ ملنے کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے ٹریفک بلاک کرکے شدید نعرے بازی کی۔ خواتین کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کو ان کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، غریبوں کے نام پر ووٹ لینے والوں کو عوام کا کوئی خیال نہیں۔

مزید خبریں :