پاکستان
04 جون ، 2012

کراچی کے معاملات ہاتھ سے نکلے تو ملک غیر مستحکم ہوسکتا ہے، فاروق ستار

کراچی کے معاملات ہاتھ سے نکلے تو ملک غیر مستحکم ہوسکتا ہے، فاروق ستار

اسلام آباد … قومی اسمبلی میں ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ کراچی کے معاملات ہاتھ سے نکل گئے تو پورا ملک غیر مستحکم ہوسکتا ہے، صدر، وزیراعظم سے ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں کراچی کی صورتحال پر توجہ دیں، انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کراچی میں خراب حالات کا سلسلہ بند کرائے، ہنگامی بنیادوں پر قانون کو حرکت میں لایا جائے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ انتباہ کرتاہوں کہ حکومت کراچی میں خراب حالات کاسلسلہ بند کرائے، اشتعال انگیزی جاری رہی توالطاف بھائی کی صبرکی تلقین برقرار رکھنا ممکن نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی معاشی سرگرمیوں کوقائم نہ رکھا گیا تو بہت بڑا نقصان ہوگا، ہنگامی بنیادوں پر قانون کو حرکت میں لایاجائے، ایم کیو ایم حکومت میں رہتے ہوئے اصولی اختلاف کرسکتی ہے جو کررہی ہے، کراچی میں جو ہورہا ہے اس کا پردہ بھی ایم کیو ایم چاک کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں اگر کہیں کارروائی کی بھی گئی تو تاخیرسے،اب یہ صورتحال ہے کہ گینگ وار کے کارندے پورے کراچی میں سرگرم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم مشورہ دیتی رہی کہ رینجرزکی موومنٹ کہاں ہونی چاہئے، اگر امن ہوجائے تو کراچی ایک بار پھر ملکی معیشت میں کردار ادا کرسکتا ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ صدر، وزیراعظم سے ہاتھ جوڑ کے کہتا ہوں، کراچی کی صورتحال پر توجہ دیں، کراچی میں بھتا مافیا کا راج ختم کریں، کراچی میں جرائم پیشہ افراد حالات خراب کرکے فرار ہوجاتے ہیں، شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا۔

مزید خبریں :