27 مئی ، 2016
اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر برائے پولیو آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک سے ہر صورت میں پولیو کا خاتمہ کریں گے، پولیو کے مسئلے پر دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں،اس سال ملک میں پولیو کے 9کیس سامنے آئے ہیں۔
اقوام متحدہ کی سفیر برائے انسداد پولیو اور پیپلزپارٹی کی رہنما آصفہ بھٹو زرداری نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کے ہمراہ سولجر بازار ڈسپینسری کا دورہ کیا اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان سے پولیو کے خاتمےکےلیے بیرون ممالک سے جو مدد مل رہی ہے اس پر شکرگزار ہیں، پاکستان سے ہر صورت میں پولیو کا خاتمہ کریں گے، اس سال ملک میں پولیو کے صرف 9کیس سامنے آئے ہیں جو ہماری بہترین کارکردگی کا مظاہرہ ہیں۔
اس موقع پر سربراہ ای پی آئی ڈاکٹر آغا اشفاق کی جانب سے کراچی سمیت اندرون میں جاری پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی، تقریب میں کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ ،دی سی ایسٹ آصف جان سمیت دیگر حکام بھی شریک تھے۔