12 جولائی ، 2016
متحدہ قومی موومنٹ کے رکن رابطہ کمیٹی اظہار احمد کو کراچی سے گرفتار کرلیا گیا، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے فی الفور رہائی کا مطالبہ کردیا، اہل خانہ کہتے ہیں کہ اظہار احمد برطانوی شہریت رکھتے ہیں، برطانوی حکومت کردار ادا کرے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے لیے مشکلات میں اضافہ ہوگیا، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کے رکن اور سابق رکن صوبائی اسمبلی اظہار احمد کو کراچی سے حراست میں لے لیا گیا۔
اظہار احمد خان کو رینجرز اہلکاروں نے فیڈرل بی ایریا بلاک چھ سے اُس وقت تحویل میں لیا،جب وہ عبدالحسیب خان کے گھر ان کی عیادت کےلیے گئے تھے۔
ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے اظہار احمد کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کیا ہے،جاری اعلامیے کے مطابق اظہار احمد بلڈپریشر اور دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، گرفتاری سے ان کی زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔
ادھر گرفتاری سے پریشان اظہار احمد کے اہل خانہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ اظہار احمد برطانوی شہریت رکھتے ہیں، اہل خانہ نے برطانوی سفارتخانے کو مراسلہ لکھ دیا ہے اور اپیل کی ہے کہ برطانیہ ان کی رہائی میں کردار ادا کرے۔