13 جولائی ، 2016
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھارتی فورسز کے ہاتھوں معصوم کشمیری نوجوانوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو کشمیری عوام کے جذبات تسلیم کرنے کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں ملک کی اندورنی سیکیورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے یہ بھی کہا کہ دنیا کو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو تسلیم کرنے اور کشمیر کے دیرینہ مسئلے کے حل میں مدد دینے کی بھی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں افغانستان سمیت بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال اور مؤثر بارڈر مینجمنٹ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات میں پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔