17 جولائی ، 2016
لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان کی پوری ٹیم 215رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، یوں انگلینڈ کو میچ جیتنے کیلئے 283رنز کا ہدف ملا ہے۔
لارڈز میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے 214رنز 8کھلاڑی آؤٹ پر نامکمل اننگز شروع کی، لیکن دونوں وکٹیں اسکور میں صرف ایک رن کے اضافے پر گرگئیں، یاسر شاہ آج اسکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر30 رنز بناکر آئوٹ ہوئے، محمد عامر صرف ایک رن بناکر براڈ کی گینڈ پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔
یوں پاکستان کی پوری ٹیم 215رنز بناکر آؤٹ ہوگئی،انگلینڈ کی طرف سے ووکس نے 5،اسٹیورٹ براڈ نے تین جبکہ معین علی نے دو کھلاڑیوں کو آؤ ٹ کیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کوبڑا ہدف عبور کرکے تاریخ کو تبدیل کرنا ہوگا۔لارڈز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 344رنز کا ہدف عبور کرکے میچ نو وکٹ سے جیت چکی ہے۔
اس تاریخی گراؤنڈ میں1984میں ویسٹ انڈیز نے میزبان ٹیم کے خلاف بڑا ہدف عبور کیا تھا۔انگلش ٹیم یہاں سب سے بڑااسکور282رنز بناکر نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کر چکی ہے۔لندن کے اس گراؤنڈ میں انگلینڈ کو زیادہ کامیابی نہیں مل سکی ہے۔
گذشتہ پانچ میں صرف ایک ٹیسٹ میں کامیابی انگلینڈ کا مقدر بنی ہے۔اس سال یہاں انگلینڈ اور سری لنکا کا ٹیسٹ میچ بھی ڈرا ہوگیا تھا۔