16 جون ، 2012
پشاور… خیبرایجنسی کے لنڈی کوتل بازار میں دھماکے سے جاں بحق افراد کی تعداد25ہو گئی ہے جبکہ 50 سے زائد شدید زخمی ہیں، دھماکے سے 12 دکانیں اور10 گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں۔ لنڈی کوتل بازار میں لوگ روز مرہ کی خریداری میں مصروف تھے کہ اچانک صبح ساڑھے د س بجے دھماکا ہوگیا، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکے کے بعد علاقہ میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔ خاصہ دار فورس کے مطابق شدت پسندوں نے بازار میں بارود سے بھری گاڑی کھڑی تھی جو دھماکے سے پھٹ گئی، دھماکے سے 14 افراد موقع پر جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوئے، شدید زخمیوں کو پشاور منتقل کیا گیا جہاں مزید 9 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ دھماکے سے 12دکانیں اور بازار میں کھڑی 10 گاڑیاں تباہ ہوگئیں۔ دھماکے کے بعد امدادی کارروائی کے دوران دکانوں کے ملبہ سے مزید 2 افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کا مقصد شدت پسندو ں کے خلاف امن لشکر بنانے والے قبیلہ ذخہ خیل کے افراد کو نشانہ بنانا تھا، گزشتہ چھ ماہ کے دوران ذخہ خیل قبیلہ کے افراد پر یہ تیسرا بڑا حملہ تھا۔