09 ستمبر ، 2016
بھارت میں شوہر نے بیوی کے اسمارٹ فون کے کی پیڈ لاک کا کوڈ نہ بتانے پر اس کو قتل کروا دیا۔
بھاتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ریاست اترپردیش(یو پی)کے شہر جھانسی میں پولیس نے ایک شخص وینیت کمار کو گرفتار کیا جس نے دوران تفتیش اپنی بیوی پونم ورما کو قتل کروانے کا اعتراف کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق وینیت کمار کا کہنا تھا کہ پونم اور وہ کانپور سے تعلق رکھتے ہیں، شادی کے بعد انہوں نے جھانسی میں رہائش اختیار کی، جہاں وینیت نے اپنا کاروبار شروع کیا، اس کے بعد کانپور اور جھانسی اس کا آنا جانا لگا رہتا تھا۔
ملزم نے پولیس کو بتایا کہ پونم کا رویہ گزشتہ ماہ نیا اسمارٹ فون لینے کے بعد سے تبدیل ہوتا جا رہا تھا، اس نے ہماری 4 سال کی بیٹی پر بھی توجہ دینا چھوڑ دی تھی، جبکہ اس نے فون پر ایسا پیٹرن لگا دیا تھا جسے اس کے علاوہ کوئی نہیں کھول سکتا تھا۔
پونم کے اس رویئے پر وینیت کو شکوک وشبہات ہوئے، اس نے بتایا کہ میں نے اسے قتل کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا۔وینیت کا کہنا تھا کہ اس نے اپنے 2 دوستوں سے بیوی کو قتل کرنے کی بات کی، اور انہیں 80ہزار روپے بھی دیئے تاکہ وہ پونم کو مار سکیں۔
واردات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جس دن پونم کو قتل کیا گیا اس دن میں کانپور گیا ہوا تھا، میں نے اسے بتایا تھا کہ میرے 2 دوست آئیں گے، ان کو کمپیوٹر دے دینا، جب وہ دونوں گھر آئے تو انہوں نے پونم کا گلہ دبا کر اسے قتل کر دیا جبکہ توڑ پھوڑ بھی کی جس سے یہ جرم چوری کی واردات لگ سکے۔
جھانسی کے ایس پی دنیش کمار سنگھ کا کہنا تھا کہ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے جبکہ دیگر دونوں ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔