27 نومبر ، 2016
وفاقی دارلحکومت میں روزانہ اوسطاً 200 نئی گاڑیاں رجسٹرڈ ہو رہی ہیں، سڑکوں پر رش بڑھتا جا رہا ہے ، اسلام آباد میں شہریوں کو ٹریفک مسائل کا سامنا ہے ،ہارن کا شور ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں ، گھنٹوں ٹریفک جام ،ان تمام مسائل سے شہر اقتدار کے لوگ کافی حد تک محفوظ ہیں مگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مسائل یہاں بھی موجود ہیں۔
ایسے لوگ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں ، اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق سال 2016 میں اسلام آباد میں 150 ٹریفک حادثات ہوئے،83 افراد جاں بحق ، 128 زخمی ہوئے ،ان حادثات کی بڑی وجہ گاڑیوں کی تعداد بڑھنا اور انسانی غلطی بتائی جاتی ہے ۔
اعداد و شمار کے مطابق اب تک وفاقی دارلحکومت میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد 7 لاکھ 27 ہزار 645 ہے ،روزانہ اوسطاً 200 نئی گاڑیاں بھی رجسٹرڈ ہو رہی ہیں ، دوسرے علاقوں سےروزانہ 3 لاکھ 35 ہزار 737 گاڑیاں اسلام آباد آتی ہیں ۔
ٹریفک پولیس نے گزشتہ سال 7 لاکھ 65 ہزار 811 چالان کاٹے ، ساڑھے 22 کروڑ سے زائد کا ریونیو اکٹھا ہوا ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی زیادہ تر موٹر سائیکل سوار کرتے ہیں ۔
ان کی جیب سے جب چالان جاتا ہے بڑا دکھ ہوتا ہے لیکن ہم یہ بتاتے ہیں آپ کو مجرم نہیں ، آپ نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے ۔شہری کہتے ہیں اسلام آباد میں رش ضرور ہے مگر ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوتی۔
لاہور اور کراچی کی طرح یہاں گھنٹوں ٹریفک جام نہیں رہتی ،شہریوں کو قوانین سے آگاہی دینے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس وقتا ً فوقتاً مختلف تربیتی پروگرامز کا انعقاد بھی کرتی رہتی ہے۔