دنیا
10 دسمبر ، 2016

سی آئی اے کا امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کا انکشاف

سی آئی اے کا امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کا انکشاف

امریکی انٹیلی جنس ایجنسی سی آئی اے نے انکشاف کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو جتوانے کیلئے روس نے امریکی انتخابات میں مداخلت کی۔

امریکی اخبار میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سی آئی سے نے ایسے افراد کا پتا لگا لیا ہے جنہوں نے ہیک کی گئی ہزاروں اے میلز روس کو فراہم کیں، امریکی صدر باراک اوباما نے صدارتی انتخاب میں مبینہ روسی سائبر حملوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے سی آئی اے کے اعلیٰ عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ ایسے افراد کا پتہ لگایا گیاہے جن کے روسی حکومت سے رابطے تھے، جنہوں نے ہلیری کلنٹن کی انتخابی مہم کے چیئرمین اورڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی سمیت دیگر افراد کی ہزاروں ہیک کی گئی ای میل روس کو فراہم کیں۔

امریکی حکام کے مطابق یہ افرا دٹرمپ کی مقبولیت میں اضافے اور ہلیری کی جیت کے امکانات کم کرنے کے ایک بڑے روسی آپریشن کا حصہ تھے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر اوباما نے انٹیلی جینس حکام کو ہدایت کی ہے کہ صدارتی انتخابی عمل میں سائبر حملوں کا جائزہ لیا جائے، اس معاملے پر صدر اوباما کو 20 جنوری سے پہلے رپورٹ پیش کی جائے گی۔

دوسری طرف مشی گن کی عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ جل اسٹین کی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست کی قانونی حیثیت نہیں ہے، جل اسٹین نےصدارتی انتخاب میں ایک فیصدسے بھی کم ووٹ حاصل کئے، جل اسٹین کا کہنا تھا کہ وہ فیصلے کےخلاف اپیل دائر کریں گی ۔

ایک سروے کے مطابق 55 فیصد امریکی ٹرمپ کی جانب سے اب تک سامنے آنے والی پالیسیوں سے مطمئن نہیں جبکہ 41 فیصد انہیں اطمینان بخش قرار دے رہے ہیں،60 فی صد ٹرمپ کو محب وطن سمجھتے ہیںجبکہ صرف 41 فی صد انہیں دیانتدار سمجھتے ہیں، 26 فیصد نے انہیں رول ماڈل بھی قرار دیا۔

 

مزید خبریں :