21 دسمبر ، 2016
پارلیمنٹ ہاؤس میں چوہے پکڑنے کی مہم کامیابی سے جاری ہے، سی ڈی اے نے پارلیمنٹ کے چوہے پکڑنے کا ٹھیکا نجی کمپنی کو دیا تھا، تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 7ماہ میں مجموعی طورپر430 چوہے پکڑےگئے، جبکہ کل وزیراعظم کے چیمبر سے ایک چوہا زندہ بھی پکڑاگیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس سےچوہے پکڑنےکاسالانہ ٹھیکہ ساڑھے6لاکھ روپےکا ہے، ٹھیکا دیئے جانے کے بعد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں چوہوں کی تعداد میں بتدریج کمی آرہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہوں کی موجودگی کی بنیادی وجہ کیفے ٹیریا اور ہر کمیٹی روم سے متصل باورچی خانے ہیں۔
ذرائع نے بتایاہے کہ جون میں 236 چوہے پکڑے گئے، جولائی میں یہ تعداد 42 رہ گئی، اگست میں 34، ستمبر میں 34،اکتوبر میں 32، نومبر میں 28 اور دسمبر میں اب تک 24 چوہے پکڑے جاچکے ہیں۔
چوہے پکڑنے کا باقاعدہ ڈیٹا مرتب کیا جاتا ہے، اس کیلئے ایک فارم ایشو کیا جاتاہےجس میں بتایا جاتاہے کہ چوہے پکڑنے کےلئے پلیٹ پنجرہ یا کڑکی کس کمرے میں رکھی گئی اور نتیجہ کیا نکلا۔
ذرائع نے بتایا کہ چوہوں کی موجودگی کی بنیادی وجہ کیفے ٹیریاہر کمیٹی روم سے متصل کچن اور اسپیکر چیئرمین سینیٹ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سمیت اہم افسران کے دفاتر سے ملحقہ کچن ہیں۔
پہلے تو باقاعدہ پارلیمنٹ ہاؤس میں دیگیں پکتی تھیں، باربی کیو کا اہتمام ہوتا تھا، وہ سلسلہ اب بند کردیا گیا ہے اور اگرکوئی لنچ یا ڈنرہو تو کیٹرنگ فرم پکا پکایا کھانا یہاں لاتی ہے۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل ’جیو نیوز‘ نے پارلیمنٹ ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں کی بڑھتی تعداد کا مسئلہ اٹھایا تھا۔