شہر شہر
30 دسمبر ، 2016

ہم سے اب دوسری ہجرت نہیں ہونے والی،عامر خان

ہم سے اب دوسری ہجرت نہیں ہونے والی،عامر خان

 

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما عامر خان کہتے ہیں کہ ہم سے اب دوسری ہجرت نہیں ہونے والی، اپنوں کے ساتھ رہیں گے، ہم ان میں سے نہیں جو برا وقت پڑنے پر پارٹی کو چھوڑ کربیرون ملک چلےجائیں۔

عامر خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے نشتر پارک کراچی میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں ہم کامیابی حاصل کریں گے، ہم پہلےسےزیادہ نشستوں پر جیت کر دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آج سوچ کر آیا تھا کہ دل کی بھڑاس نکالوں گا، ایم کیوایم وہی لوگ چلائیں گے جو کارکنوں کے ساتھ ان کے غم میں کھڑے ہوتے ہیں، ہم ثابت کریں گے کہ ایم کیو ایم ایک ہے، تھی اور رہے گی۔

عامر خان نے کہا کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہیں اورہمارےساتھ ناانصافی بھی ہوئیں، ایم کیو ایم کا کارکن تھا اور رہوں گا، ہم اپنی قوم اورپاکستان کے غدار نہیں،ہم پاکستان میں سب کچھ لٹاکر آئے تھے، لوٹنے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ درباریوں کا لندن ٹولا ایم کیو ایم کو تباہ کر رہا ہے، بابرغوری نارتھ ناظم آباد کے پارک بھی بیچ کے بھاگ گئے، ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں لکھا جائے گا،کارکنان گرفتاری اور قربانی دیں اورکچھ لوگ خطرہ محسوس ہونے پر بیرون ملک چلے جائیں۔

عامر خان کا کہنا ہے کہ عمران فاروق کی اہلیہ کی طبیعت لندن میں خراب ہوئی کوئی مدد کو نہ آیا، شہیدوں کے لہو نے اس تنظیم کو قائم و دائم رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ بلدیہ میں250 سے زائد انسانی جانیں گئیں ، وسیم آفتاب چائناکٹنگ کے سرپرست تھے، پاکستان میں کرپشن عروج پر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ممبر سازی مہم ختم ہونے کے بعد مزار قائد پر تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کریں گے،سی پیک کا منصوبہ پاکستان کی ترقی کا منصوبہ ہے، اس منصوبے میں کراچی کو بھی شامل کیا جائے، سرکلر ریلوے کو شروع میں رکھا جائے۔

مزید خبریں :