01 فروری ، 2012
لاہور … لندن کی لیبارٹری نے پنجاب میں ہلاکتوں کا سبب بننے والی ایک اور دوا کو غیر معیاری قرار دے دیا۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیا لوجی کی طرف سے لندن کی لیبارٹری میں ٹیسٹ کیلئے بھیجی گئی دوا آئسو ٹیب کی رپورٹ موصول ہوگئی ہے۔ یہ دوا دل میں خون کی گردش بڑھانے کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ آئسو ٹیب میں انسداد ملیریا کی دوا پیری میتھا مائن PYRIMETHAMINE کی بہت زیادہ مقدار میں آمیزش پائی گئی ، جس کی وجہ سے آئسو ٹیب کے استعمال سے مریضوں میں ری ایکشن ہوا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کے اجلاس میں لندن سے آنے والی رپورٹ پر تبادلہ خیال ہوا اور دوا کی ری ایکشن کے حوالے سے بحث ہوئی۔پنجاب حکومت کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ طبی ماہرین کے بورڈ نے دواوٴں کے ری ایکشن کا علاج نکال لیا ہے اورفی الفور ری ایکشن والے مریضوں کو نئے طریقہ علاج سے نئی ادویات دینے کا حکم دیدیا گیا ہے۔