05 فروری ، 2017
دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیریوں نے یوم یکجہتی کشمیرمنایا، پاکستان اور کشمیر کو ملانے والی تمام شاہراہوں اور پُلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی ، چھوٹے بڑے شہروں میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیا ں نکالی گئیں۔
کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کےلیے مظفر آبا د کے قریب کوہالہ برج پر انسانی ہاتھوں کی زنجیربنائی گئی، سخت سردی کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
میرپورمیں منگلا پُل کے مقام پر پاکستانی اور کشمیری جمع ہوئے اور ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر زنجیر بنائی۔ کوٹلی، برنالہ، نکیال سمیت آزاد کشمیر میں مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اور کشمیر کی آزادی کے نعرے لگائے گئے ۔
سندھ میں حیدرآباد، نواب شاہ، جیکب آباد، ٹنڈومحمد خان، بدین، تھرپارکر اور دادو میں ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ سکھرمیں یوم یکجہتی کشمیر پر بچہ یونین نے پریس کلب پر احتجاج کیا ۔
پنجاب میں رحیم یار خان،سرگودھا، ملتان، فیصل آباد،گوجرانوالا، جہلم، جھنگ اور ڈیرہ غازی خان میں ریلیاں نکالی گئیں۔ یوم کشمیر کے موقع پر دیامرمیں ہائی اسکول چلاس سے صدیق اکبر چوک تک ریلی میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ چارسدہ کے عبدالولی خان اسپورٹس کمپلیکس میں تقریب منعقد کی گئی ۔
مانسہرہ، سوات، لوئر دیر، مرادن،ڈیرہ اسماعیل خان، نوشہرہ، خضدار اور حب میں مختلف سیاسی و سماجی جماعتوںاور تنظیموں نے ریلیاں نکالیں ، باجوڑ اور خیبرایجنسی میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام یوم کشمیر منایا گیا۔
بلوچستان کے ضلع خاران میں ایف سی اسکول اینڈ کالج کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ایف سی قلعہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جعفرآباد نصیرآباد میں بھی کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں ۔