19 فروری ، 2017
امریکا کی ریاست اوہائیو میں پولیس نے 4 دسمبر 2016ئ کو ایک غیر مسلح اماراتی طالب عالم کو گولی مار کر قتل کردیا تھا۔ریاست کے اٹارنی جنرل کے مطابق اس امر کی اب تصدیق ہوگئی ہے۔
چھبیس سالہ اماراتی طالب علم سیف ناصر مبارک الامیری اوہائیو میں کیس ویسٹرن ریزرو یونیورسٹی میں قانون کی اعلیٰ تعلیم حاصل کررہا تھا۔ اوہائیو کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے واشنگٹن ڈی سی میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کو اطلاع دی ہے کہ مقتول طالب عالم واقعے کے وقت غیر مسلح تھا۔
اٹارنی جنرل کا دفتر اس واقعے کی تحقیقات کررہا ہے۔اماراتی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون کی وزارت کے ساتھ مل کر تحقیقات کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ اماراتی سفارت خانے کے نمائندے فوجداری تفتیش جرائم کے محکمے اور اوہائیو کے اٹارنی جنرل کے دفتر کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور وہ اس واقعے کی بروقت، شفاف اور جامع تحقیقات پر زور دے رہے ہیں۔