شہر شہر
30 مارچ ، 2017

پاکستان اکادمی ادبیات کی کوئٹہ میں ادبی نشست

پاکستان اکادمی ادبیات کی کوئٹہ میں ادبی نشست

پاکستان اکادمی ادبیات کے زیراہتمام خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے کوئٹہ میں ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں شہرکےمعروف ادیبوں اورشعراء نےشرکت کی۔

اکادمی ادبیات کےریجنل ڈائریکٹر افضل مراد کی میزبانی میں جن ادیبوں اور شعراء نے خواتین کےعالمی دن کے حوالے سے اپنا کلام پیش کیا اور اظہار خیال کیا، ان میں نمایاں نام سرور جاوید، ڈاکٹر شاہ محمد مری، سیماشوکت، نوربسمل، سیما بتول سحر، تسکین صنم، ڈاکٹر سلیم کرد،حمیرا صدف، اے ڈی بلوچ، پناہ بلوچ اور ڈاکٹر عنبرین مینگل کے تھے۔

تقریب کے مہمان خصوصی ڈاکٹر شاہ محمود مری نے عالمی یوم خواتین کے حوالے سے معاشرے میں خواتین کے کردار پر فکری حوالے سے روشنی ڈالی۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کا عالمی دن بنیادی طور پر محنت کش خواتین کا عالمی دن ہے، یہ زیادتی ہے کہ اس دن کو اس کی اصل شکل میں پیش نہیں کیا جا رہا، اس دن کو محنت کش خواتین سے منسوب کیا جانا چاہئے، خواتین کو تعلیم دینا ہوگی، یہ اگر تعلیم یافتہ ہوں گی تو انہیں اپنے حقوق کے حوالے سے شعور ہوگا۔

دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ افراد کی کردار سازی میں عورت کا کردار انتہائی بنیادی نوعیت کا ہے، یہ عورت کی تربیت ہی ہے جو انسان کو صحیح معنوں میں انسان بناتی ہے، انسانیت سکھاتی ہے،لہٰذا عورتوں کو نہ صرف گھروں میں بلکہ ہمیں کام کرنے کی جگہوں پر بھی سازگار ماحول یقینی بنانا ہوگا، ان کی عزت اور وقار کا خیال کرنا ہوگا،عورتوں کو بھی چاہئے کہ وہ خود شناسی کی صفت پیدا کر کے اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں۔

مزید خبریں :