خصوصی رپورٹس
03 اپریل ، 2017

پنجاب پولیس کی نئی زیتونی وردی کی مالیت دو ہزار روپے

پنجاب پولیس کی نئی زیتونی وردی کی مالیت دو ہزار روپے

لاہور پولیس کو نئی زیتونی رنگ کی وردی مل گئی، کالی وردی کی جگہ پولیس اہلکاروں نے نئے یونیفارم میں کام کا آغاز کر دیا ہے، حکام کے مطابق ایک وردی تقریباً 2ہزار روپے میں تیار ہوئی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں پولیس کی روایتی کالی اور خاکی وردی ختم ہوگئی، زیتونی رنگ کا نیا یونیفارم جاری کیا گیا ہے جس کی مجموعی طور پر 95 کروڑ روپے لاگت آئے گی،یہ رقم پولیس یونیفارم پر ہر سال خرچ ہوتی ہے،کوئی اضافی اخراجات نہیں ہوئے۔

حکام کے مطابق کانسٹیبل سے سب انسپکٹر تک ہر اہلکار کو سالانہ دو وردیاں مفت دی جاتی ہیں، جبکہ انسپکٹر سے آئی جی تک ہر افسر کو خود ہی یونیفارم خریدنا پڑتا ہے۔

آج پولیس افسران اور اہلکار نئی وردی پہن کر ڈیوٹی پر پہنچے،ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے رویوں میں بھی تبدیلی لائیں گے، شہریوں نے پولیس کی نئی لُک پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے، اکتوبر تک پورے صوبے کی پولیس نئے یونیفارم میں نظر آئے گی۔

ان جوانوں کا کہنا ہے کہ وہ اس نئی وردی کے ساتھ بھی دہشتگردوں اورجرائم پیشہ افرادکے خاتمے کے ساتھ رویوں میں بھی تبدیلی لائیں گے۔

ادھر پنجاب حکومت کی جانب سے پولیس کی نئی یونیفارم کا حکم نافذالعمل ہوتے ہی آئی جی پنجاب سمیت کئی افسران نے نئی وردی کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیں۔

پہلے مرحلے میں پولیس کی نئی یونیفارم کی تبدیلی پر آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا، سی سی پی او لاہور کیپٹن امین وینس، ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن مبشر میکن سمیت دیگر افسران نے اپنی تصویریں کھنچوائی ہیں۔

تمام پولیس افسران نے نئے یونیفارم کے ساتھ تصاویر اتروا کر سوشل میڈیا کا سہارا لیا اوراسے پھیلا دیا۔

مزید خبریں :