14 اپریل ، 2017
خاور خان...شدید گرمی کے پیش نظر روزنامہ جنگ، جیو ٹی وی اور علاج ٹرسٹ کے اشتراک سے کراچی کے مختلف علاقوں میں گرمی سے بچاؤ کے کیمپس لگائے گئے ہیں جہاں لوگوں کو ٹھنڈا پانی بھی فراہم کیا جارہا ہے۔
کراچی میں سورج کا مزاج بگڑا تو شہری پریشان ہوگئے، ایسے میں جنگ گروپ تپتی دھوپ میں کام کاج کی غرض سے نکلنے والوں کے لیے رحمت بن گیا۔
چلچلاتی دھوپ میں روزنامہ جنگ، جیو ٹی وی اور علاج ٹرسٹ نے جناح اسپتال، سول اسپتال، شاہین کمپلیکس اور دیگر علاقوں میں کیمپس لگادیے جہاں لوگوں کیلئے ٹھنڈے پانی کا خاص طور پر انتظام کیا گیا ہے۔
جنگ جیو اور علاج ٹرسٹ کے زیر اہتمام اب تک 10سے زائد مقامات پر کیمپس لگائے جاچکے ہیں جنہیں مرحلہ وار بڑھایا جائے گا۔
منتظمین کے مطابق کیمپس اگلے 10روز تک لگے رہیں گے جہاں مخیر حضرات بھی ان کیمپس میں آکر عام افراد کی مدد کرسکتے ہیں۔
جنگ، جیو اور علاج ٹرسٹ کی جانب سے لگائے گئے کیمپس کو جہاں عوام کی جانب سے بھر پور پزیرائی مل رہی ہے وہیں عوام نے حکومت سے ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کیلئے اقدامات کرنے کا مطالبہ بھی کیا تاکہ لوگوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔