خصوصی رپورٹس
18 اپریل ، 2017

وزیر اعظم اور ان کی صاحبزادی نے بچی کی زندگی بدل دی

وزیر اعظم اور ان کی صاحبزادی نے بچی کی زندگی بدل دی

تین ماہ قبل ننھی ندا نے ایک تقریب میں وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی محبت و پیار کچھ اس طرح پایا کہ آج اس کی زندگی ہی بدل گئی۔

رواں سال 11جنوری کی ایک خوبصورت صبح وزیر اعظم نواز شریف اسلام آباد کے سیکٹر ایچ نائن میں خصوصی بچوں کے اسکول آئے تو ان کا استقبال دمکتی آنکھوں والی ایک اجلی، نکھری اور معصوم ننھی پری نے اپنے جدا گانہ انداز میں کچھ اس ادا سے کیا کہ وزیر اعظم اور ان کی بیٹی مریم نواز بے ساختہ اس بچی کو اٹھا کر اپنے ساتھ اسٹیج پر لے گئے اور خوب پیار کیا۔

اسکول کو بسوں کا تحفہ دینے کیلئے آنے والے وزیر اعظم اور مریم نواز کی محبت نے قوت سماعت و گویائی سے محروم ساڑھے 6سالہ ندا خان کی زندگی ہی بدل دی۔

وزیر اعظم نے کے جی ون کی طالبہ ندا خان کے علاج کا ذمہ لیا،ندا کا علاج سی ڈے اسپتال میں پاکستانی اور برطانوی ڈاکٹروں نے مل کر کیا، پہلے ایک سرجری ہوئی پھر کانوں میں ڈیوائس لگائی گئی۔

سرجری کے بعد ندا کو اسلام آباد کے مضافاتی علاقے بارہ کہو میں اس کے گھر منتقل کر دیا گیا اور آج ایک طویل انتظار کے بعد بہار آئی، وزیر اعظم ہاؤس میں ندا کو ڈیوائس لگا دی گئی۔

ندا کی بے آواز دنیا میں پہلی آواز کے گھنگرو اس وقت گو نجے جب وزیر اعظم نے اس کی ڈیوائس کا سوئچ آن کیا۔

گل اندام ندا اب سننے لگی ہے، الفاظ کے پھول اس کی گلشن سخن میں لہلہانے لگے ہیں، مگر ایک پڑاؤ ابھی باقی ہے، ندا کو ابھی بولنا بھی ہے، اس کی اسپیچ تھراپی پمز میں کی جائے گی۔

 

مزید خبریں :