19 مئی ، 2017
پی آئی اے کے طیارے تو گراؤنڈ کیے جاتے ہیں، اب طیاروں کے کیبن کریو کے اوور ویٹ ارکان کو بھی گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مقررہ حد سے زائد وزن والے 7ارکان کو فوری طور پر گراؤنڈ کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
پی آئی اے انتظامیہ نے ایسےتمام کیبن کریو کو وارننگ لیٹرز بھی جاری کردیئے ہیں، جن کا وزن ان کے قد کے مطابق نہیں۔
پی آئی اے نے اوورویٹ ہونے والے جن 7 کیبن کریو کو گراؤنڈ کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ان میں 4 فلائٹ اسٹیورڈز اور 3 ایئر ہوسٹسز شامل ہیں۔
یہ لوگ 20 سے 40 پا ؤنڈ تک زائد وزن کےساتھ اندرون و بیرون ملک ڈیوٹیاں دے رہے تھے۔
گراؤنڈ کیے جانے والوں میں ناصر بٹ، عدیل اکرم، چوہدری سمیع اللہ، طاہر وحید جبکہ ائر ہوسٹسز میں ثمینہ عامر، شازیہ ریاض اور ثوبیہ اختر شامل ہیں۔
پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق جس کیبن کریو کا وزن 35 سے 40 پاؤنڈ زیادہ ہوگا اسے انٹر نیشنل فلائٹس پر نہیں بھجوایا جائے گا ۔
اسی طرح جس کیبن کریو کا وزن 45 پاؤنڈ سے زائد ہوگا، اسے ڈومیسٹک فلائٹس پر بھی مستقل گراؤنڈ کردیا جائے گا۔