خصوصی رپورٹس
20 مئی ، 2017

ماہ رمضان میں ملک بھر کا موسم سازگار رہے گا

ماہ رمضان میں ملک بھر کا موسم سازگار رہے گا

آسیہ انصر
ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول کہتے ہیں ماہ رمضان میں موسم خاصا سازگار ہوگا، چند روز شدید گرمی کے بعد ریلیف ملتا رہے گا،کراچی میں سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی۔

ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق آج کل ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم گرم اور خشک ہے تاہم ماہ رمضان میں موسم ملا جلا رہے گا، گرمی کی لہر بھی آتی رہے گی، ریلیف بھی ملتا رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بارشوں کے چند سلسلے شمالی علاقوں کو متاثر کریں گے، خیبر پختونخوا کے بالائی علاقے، فاٹا شمالی پنجاب آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور آندھیوں کے باعث موسم معتدل رہنے کا امکان ہے۔

ماہ رمضان میں موسم خاصا سازگار ہو گا، موسم زیادہ تر خشک رہے گا مگر اسلام آباد ،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن میں کہیں کہیں بارش بھی ہو گی ۔

بارش کی وجہ سے پورے ملک کا موسم معتدل ہو جائے گا، زیادہ تر رمضان اچھے موسم میں گزرے گا۔

ماہ رمضان کے دوران کراچی میں زیادہ تر ہوا سمندر کی جانب سے چلتی رہے گی۔ درجہ حرارت 34 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد کے قریب رہے گا۔

ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے بتایا کہ کراچی میں جب تک سمندر کی طرف سے ہوا چلتی رہتی ہے تو درجہ حرارت معمول پر رہتے ہیں ،ہم امید کر رہے ہیں کہ کراچی میں سمندری ہوا چلنے کا سلسلہ رمضان میں بھی برقرار رہے گا، گرمی کے اکا دکا سلسلے آئیں گے مگر طویل دورانیے کے نہیں ہوں گے۔

ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق بارشیں کم ہونے سے پانی کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے، پانی کا استعمال بہت محتاط ہو کر کرنا ہوگا ۔

 

مزید خبریں :