خصوصی رپورٹس
20 مئی ، 2017

سانس کے امراض پر نظر رکھنے والی شرٹ ایجاد

سانس کے امراض پر نظر رکھنے والی شرٹ ایجاد

کینیڈا کی یونیورسٹی آف لاوال میں پروفیسر یونس مصدق کی سربراہی میں ماہرین نے ایک ایسی ذہین ٹی شرٹ ایجاد کرلی ہے، جو نہ صرف اپنے پہننے والے کے سانس لینے کی رفتار پر نظر رکھتی ہے بلکہ اسے متعدد بار دھویا بھی جا سکتا ہے۔

ایجاد کا مقصد سانس کی رفتار کے ذریعے تنفسی امراض (سانس کی بیماریوں) پر نظر رکھنا اور دمہ، بے خوابی اور سانس کے مختلف امراض کی تشخیص کرنا ہے۔

تحقیقی جریدے سینسرز کے تازہ شمارے میں اس منفرد ٹی شرٹ کی شائع شدہ تفصیلات کے مطابق اس میں سینے کے مقام پر ایک ننھا، نرم اور لچک دار قسم کا انٹینا سلا ہوا ہے جو ایک کھوکھلےآپٹیکل فائبر پر مشتمل ہے، جس کی اندرونی سطح پر چاندی کی پرت چڑھائی گئی ہے جبکہ بیرونی ماحول سے حفاظت کے لیے اس پر ایک مضبوط لیکن لچک دار پولیمر کی بیرونی پرت موجود ہے۔

سانس کی رفتار پر مسلسل رکھنے والے دوسرے طریقوں اور ماضی میں بنائی گئی دوسری اسمارٹ ٹی شرٹس کے برخلاف اس نئی اسمارٹ ٹی شرٹ میں ایسا کوئی تار، برقیرہ یا سینسر نہیں جو براہِ راست انسانی جسم کو چھوتا ہو جبکہ یہ اتنی آرام دہ ہے کہ اسے پہننے والے کو کسی خاص انداز میں اٹھنے بیٹھنے کی پابندی کرنا نہیں ہوتی۔

پروفیسر یونس کے مطابق ہمارے تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ٹی شرٹ اپنے پہننے والے کی فطری حرکات میں رکاوٹ نہیں ڈالتی اور اسے پہن کر کھڑے ہونے، اٹھنے، بیٹھنے اور چلنے پھرنے جیسے معمولات بھی اسی طرح انجام دیئے جاسکتے ہیں، جیسے کوئی عام سی ٹی شرٹ پہنی ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ تجربات کے دوارن ٹی شرٹ کو 20 سے زائد مرتبہ دھویا گیا لیکن پانی اور واشنگ پاڈر سے بہت دیر تک سامنا ہونے کے باوجود بھی اس کو کچھ نہیں ہوا اور یہ پہلے کی طرح کام کرتی رہی۔

تیار کرنے والے ماہرین کسی ایسے ادارے کی تلاش میں ہیں، جو اس نئی اسمارٹ ٹی شرٹ کو تجارتی پیمانے پر تیار کرکے طبی استعمال کیلئے فروخت کرسکے۔

مزید خبریں :