شہر شہر
21 مئی ، 2017

پشتون رہنما عبدالرحیم مندوخیل کا انتقال، ژوب میں سپرد خاک

پشتون رہنما عبدالرحیم مندوخیل کا انتقال، ژوب میں سپرد خاک

پشتون قوم کےلئے جدوجہد کرنےوالی کتاب کا ایک اہم باب ہمیشہ کےلئے بندہوگیا،پشتونخواہ ملی عوامی پارٹی کےسینئرڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم مندوخیل کو ژوب کےآبائی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔

پشتون قوم پرست بزرگ سیاستدان عبدالرحیم مندوخیل طویل علالت کےبعد اسی برس کی عمر میں کوئٹہ میں انتقال کرگئے ،عبدالرحیم مندوخیل کی میت اتوار کی صبح آبائی علاقے ژوب لےجائی گئی جہاں مقامی اسٹیڈیم میں نماز جنازہ کی ادائیگی کےبعد انہیں نواحی علاقے کےآبائی قبرستان میں سپردخاک کردیاگیا۔

نمازجنازہ اورتدفین میں پشتونخواہ میپ کےسربراہ محمودخان اچکزئی، پارٹی کےصوبائی وزراء ،رہنمائوں وکارکنوں اورلوگوں کی بڑی تعداد کےعلاوہ ن لیگ کےصوبائی وزراء اوردیگر جماعتوں کےرہنماوں اورقبائلی شخصیات نےبھی شرکت کی۔

اس موقع پر پارٹی و دیگر جماعتوں کےرہنمائوں کی جانب سےسیاسی و جمہوری خدمات پر مرحوم عبدالرحیم مندوخیل کو خراج تحسین پیش کیاگیا،نظریاتی اور فکری سوچ کےحامل عبدالرحیم مندوخیل کی پوری زندگی سیاسی جدوجہد سے عبارت تھی،وہ پارٹی ٹکٹ پر دو مرتبہ سینیٹ کےرکن اورگذشتہ عام انتخابات میں کوئٹہ ۔ چاغی کی نشست پررکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

پارلیمانی سیاست کےبھرپور تجربہ کےحامل سیاستدان عبدالرحیم مندوخیل سینیٹ اور قومی اسمبلی میں بلوچستان کی ایک موثرآواز تھے،انہیں مسائل پربھرپوردلائل سے اظہار خیال میں ملکہ حاصل تھا۔انہوں نے اٹھارویں ترمیم کی تیاری اوراسےپارلیمنٹ سے منظورکرنےمیں بھی موثرکردار ادا کیا۔

پشتونخواہ میپ حقیقی طور پر ایک زیرک ،تجربہ کار اور فکری سیاستدان سے محروم ہوگئی،پارٹی کو ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جاتی رہے گی۔

 

مزید خبریں :