20 جون ، 2017
دنیا بھر کے فلمساز اہم تہواروں پر فلمیں نمائش کے لیے پیش کرتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ کمائی کی جا سکے۔ عیدالفطر بھی ایک ایسا ہی تہوار ہے جس پر دنیا کی سب سے بڑی فلم نگری ہالی وڈ اور بالی وڈ کے فلمساز بھی اپنی فلمیں ریلیز کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
پاکستان میں بھی اس اہم تہوار پر بالی وڈ اور پاکستانی شوبز کی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جاتی ہیں لیکن یہ سال پاکستانی فلم انڈسٹری کی بڑی فلموں کی ریلیز کے باعث اہمیت کا حامل ہے۔
رواں سال عید کے موقع پر لالی وڈ اور مقامی سطح پر 8 سے زائد فلمیں ریلیز کی جائیں گی اور ان فلموں میں پاکستان کے صف اول کے اداکاروں کی فلمیں بھی شامل ہیں جس میں شان شاہد، دانش تیمور ، ہمایوں سعید، عدنان صدیقی ، ماہرہ خان ، عائشہ عمر اور ثنا بچہ کے علاوہ کئی ستارے اداکاری کے جوہر دکھاتے نظر آئیں گے۔
رواں سال عید پر سلور اسکرین پر 2 بڑی اردو فلمیں پیش کی جائیں گی جس میں معروف فلمساز حسن رانا اور یاسر نواز کی ڈائریکشن میں بننے والی فلمیں شامل ہیں۔
یلغار
اس فلم میں پاکستان کے صف اول کے اداکار شان شاہد، ہمایوں سعید عدنان صدیقی ، حسن رانا ، ایوب کھوسہ ، ثنا بچہ اور عائشہ عمر اداکاری کے جوہر دکھائیں گے جب کہ اس فلم کی ہدایتکاری کے فرائض فلم میں میجر جنرل کا کردار کرنے والے حسن رانا نے ہی سر انجام دیے ہیں۔
فلم ’’یلغار‘‘ سوات آپریشن کے ایک مشن پرمبنی حقیقی کہانی ہے جس کے ایکشن مناظر کی عکس بندی اس انداز میں کی گئی ہے کہ فلم بین بھی خود کو ان مناظر میں ہی محسوس کریں گے۔
حسن رانا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم پاکستان کی سب سے بھاری بجٹ والی فلم ہے جسے ہدایتکار نے 2014 میں آرمی پبلک اسکول حملے کے شہدا کے نام کیا ہے جب کہ فلم کی تیاری میں 3 سال سے زائد کا عرصہ لگا ہے۔
فلم میں کئی مناظر حقیقت کے اس قدر قریب ہیں کہ شوٹنگ کے دوران اداکار ایوب کھوسہ حقیقت میں ڈرل مشین سے زخمی ہوئے اور خون بہنے لگا جس پر ان مناظر کو بھی فلمایا گیا جب کہ اداکار بلال اشرف نے فلم کے کردار میں ڈھلنے کے لیے ساڑھے 7 ماہ اسپیشل فورسز کے ساتھ رہے اور ٹریننگ حاصل کی۔
فلم کی ایک اور خاص بات ہے کہ فلم میں ہمایوں سعید پہلی بار منفی کردار میں نظر آئیں گے جنہیں اس کردار کے لیے آمادہ کرنے میں کافی وقت لگا ہے جب کہ فلم میں تمام ہتھیار، ہیلی کاپٹرز، گن مشین، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد ٹریک کے ساتھ اصلی استعمال کیا گیا ہے۔
فلم کے کئی مناظر کو کروما ٹیکنالوجی کی بجائے حقیقت میں دکھایا گیا ہے جس کے لیے فلم کی اہم کاسٹ نے 22 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی ہے۔
مہرالنسا وی لب یو
عید پر ایک اور رومانوی و کامیڈی فلم ’’مہر النسا وی لب یو‘‘ بھی سنیما گھروں کی زینت بنے گی جب کہ اس فلم میں دانش تیمور، ثنا جاوید ، جاوید شیخ اور قوی خان اداکاری کرتے نظرآئیں گے۔
فلم کی کہانی محبت کی شادی اور سماجی مسائل پر مبنی ہے جس میں کامیڈی کے ساتھ ساتھ ایکشن کا بھی تڑکا ڈالا گیا ہے جب کہ فلم کی ہدایتکاری کے فرائض یاسر نواز نے سر انجام دیئے ہیں۔
فلم کے گیت مشہور بھارتی شاعر گلزار صاحب نے تحریر کیے ہیں جنہیں معروف بھارتی گلوکاروں سکھویندر سنگھ اور ارمان ملک نے اپنی آواز دی ہے جب کہ فلم کا زیادہ ترعکس بندی کراچی میں کی گئی ہے۔
فلم کا ٹریلر بھی بھارتی میوزک کمپنی ’’ٹی سیریز‘‘ کی جانب سے جاری کیا گیا جسے مداحوں نے بے حد سراہا ہے لیکن اب دیکھنا ہوگا کہ عید کے موقع پر فلم بینوں کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں۔
شور شرابا
یہ فلم بالی وڈ کے ہدایتکار حسنین حیدر آباد والے کی ڈائریکشن میں بنائی جانے والی پاکستانی فلم ہے جس میں عدنان خان ، رابی پیرزادہ، میرا اور مصطفی قریشی نے اہم کردار کیا ہے جب کہ اس فلم میں بھی فلم بینوں کو پیار ، ایکشن اور کامیڈی ایک ساتھ دیکھنے کو ملے گی۔
بھارتی ہدایت کار نے پاکستانی فلم کو بالی وڈ کا رنگ دینے کی کوشش کی ہے لیکن اب دیکھنا ہے کہ فلم باکس آفس پر کیا کمال دکھاتی ہے تاہم یہ فلم عید کے موقع پر ریلیز ہونا تھی جسے فلمساز نے باکس آفس پر سخت مقابلے کے ڈر سے 21 جولائی کو نمائش کے لیے پیش کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
رواں سال عید پر باکس آفس پر سخت مقابلے نے فلمسازوں کو بھی خوف میں مبتلا کردیا ہے اور کئی فلمسازوں نے ناکامی کے خوف سے فلموں کی ریلیز کی تاریخیں بڑھادی ہیں جس میں سرفہرست نام فلم ’’جھول‘‘ کا بھی ہے جب کہ فلم ’’شور شرابا‘‘ کے پروڈیوسر نے بھی چند روز قبل ہی فلم کی ریلیز کی تاریخ آگے بڑھادی ہے۔
رواں سال عید الفطر کے موقع پر کئی فلمیں نمائش کے لیے پیش کیا جانا پاکستان فلم انڈسٹری کے لیے خوش آئند ہے جس کے بعد امید کی جاسکتی ہے فلم بینوں کو رواں سال عید کے موقع پر اچھی فلمیں دیکھنے کو ملیں گی۔
فاروق عبداللہ جیو نیوز میں بطور ایسوسی ایٹ پروڈیوسر کام کرتے ہیں۔