28 جون ، 2017
پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے لندن کی سڑکوں پر چلنے والی ڈبل ڈیکر بسوں کو پاکستانی رنگوں سے رنگ دیا گیا ہے۔
دنیا کی سیاحت کے مرکز لندن میں پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے خصوصی تشہیری مہم چلائی جارہی ہے جس کے لئے ڈبل ڈیکر بسوں کو پاکستانی ثقافتی رنگوں سے رنگ دیا گیا ہے۔
"ایمرجنگ پاکستان" کے نام سے چلائی جانے والی تشہیری مہم 4 ہفتوں تک جاری رہے گی جس کے دوران ڈبل ڈیکر بسوں میں سفر کرنے والے سیاح سفر کے ساتھ ساتھ پاکستان کی خوبصورتی، خوبصورت مقامات، ثقافت اور قدیم تہذیب کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔
پاکستانی ہائی کمیشن نے 70ویں یوم آزادی منانے کے لئے لندن میں خصوصی طور پر ان بسوں کو پاکستانی رنگ میں رنگنے کا اہتمام کیا ہے جس کے لئے بسوں کو پاکستانی ثقافت، خوبصورتی اور بلند و بالا پہاڑوں سمیت مختلف تصاویر سے رنگا گیا ہے، یہی نہیں بسوں پر نمایاں طورپر ایمرجنگ پاکستان بھی لکھا ہے جو دنیا کو خوبصورت پاکستان کا پیغام دے گا۔
تمام بسیں لندن کے روایتی راستوں سے گزریں گی جس میں روزانہ سیکڑوں سیاح سفر کریں گے جب کہ بسوں پر بنائی جانے والی پینٹنگ کو بھی لاکھوں لوگ دیکھیں گے۔
بسوں کو پاکستانی ثقافت سے رنگنے کا مقصد غیرملکی سیاحوں کو پاکستان کی خوبصورت سرزمین اور ایسے مقامات جو اب تک سیاحوں کی نظر سے اوجھل ہیں ان سے متعلق انہیں آگاہ کرنا ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہا کہ لندن سیاحوں کا مرکز ہے جہاں پاکستانی رنگوں کو لندن کی بسوں پر سجانے کا مقصد دنیا کو پاکستان کی حقیقی تصویر دکھانا ہے۔
سید ابن عباس کے مطابق تشہیری مہم کے ذریعے پاکستان کی خوبصورتی، ثقافت، زرخیزی کو اجاگر کرنا ہے جس کی مدد سے پاکستان کی سیاحت کو انتہائی موثر انداز میں پیش کرنے کا موقع ملے گا اور یہ بسیں پاکستان میں سیاحت کے فروغ کا باعث بنیں گی۔
پاکستانی ہائی کمشنر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خوبصورتی، کلچر اور دلفریب رنگوں کو دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے اور خاص طور پر غیرملکی ہمیشہ ہی ان تمام چیزوں کو دیکھنا چاہتے ہیں۔