خصوصی رپورٹس
28 جون ، 2017

عید پر مصالحہ دار مٹن قورمہ ضرور آزمائیں

عید پر مصالحہ دار مٹن قورمہ ضرور آزمائیں

میٹھی عید پر میٹھی اشیا کے ساتھ چٹ پٹے کھانے بھی دستر خوان کی رونقیں بڑھا دیتے ہیں اور اس عید پر ہم آپ کو ذائقے دار کھانوں کی تراکیب بتارہے ہیں تاکہ آپ بھی اس عید پر نئی ریسپیز آزمائیں اور لذیذ و منفرد کھانے مہمانوں کو پیش کر سکیں۔

قورمے کے بغیر ہمارے کھانوں کی فہرست نامکمل تصور کی جاتی ہے اس لیے عید جیسے موقع پر دسترخوان پر اس ڈش کا نہ ہونا کچھ ادھورے پن کا احساس دلاتا ہے تو پھر ہم آپ کو مٹن قورمہ بنانے کی ریسیپی بتاتے ہیں۔

مٹن قورمہ 2 مراحل میں تیار ہوگا جس میں پہلے مرحلے میں گوشت کو میری نیٹ کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں قورمہ تیار کیا جائے گا۔

اجزاء

گوشت ایک کلو
نمک حسبِ ذائقہ
لال مرچ 2 کھانے کے چمچ
ہلدی ایک چائے کا چمچ
دھنیا پاوڈر 2 کھانے کے چمچ
سفید ذیرہ ایک چائے کا چمچ
لونگ 6 سے 7 عدد
دار چینی 2 ڈنڈی
کالی مرچ 8 سے 10 عدد
چھوٹی الائچی 4 سے 5 عدد
تیز پات 2 سے 3 پتے
دہی ایک پاؤ
جائفل پسی ہوئی 1/2 چائے کا چمچ
جاوتری پسی ہوئی 1/2 چائے کا چمچ
تیل ایک کپ
کیوڑہ 1/2 چائے کا چمچ
پیاز ایک پاؤ
پانی حسبِ ضرورت

ترکیب:

پہلا مرحلہ
سب سے پہلے دہی میں نمک، لال مرچ، ہلدی، دھنیا پاوڈر، سفید ذیرہ، لونگ، دار چینی، کالی مرچ، چھوٹی الائچی اور تیز پات شامل کرکے اچھی طرح مکس کریں اور اس مکسچر میں گوشت شامل کرکے اچھی طرح گوشت پر مصالحہ لگائیں جس کے بعد اس مصالحے لگے گوشت کو 1/2 گھنٹے کے لیے میری نیٹ ہونے کے لیے رکھ دیں۔

دوسرا مر حلہ

سب سے پہلے ایک پتیلی میں تیل شامل کرکے 2 سے 3 منٹ تک گرم کرلیں اور اس کے بعد اس میں پیاز شامل کر کے گولڈن براؤن کرلیں۔
پیاز براؤن ہوجائے تو اسے تیل سے نکال کر باریک پیس لیں۔

اب گرم تیل میں لہسن شامل کرکے فرائی کریں جب لہسن براؤن ہوجائے تو اس میں مصالحہ لگا گوشت شامل کرکے اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس میں 2 گلاس پانی شامل کرکے ہلکی آنچ پر پکنے دیں اور جب گوشت گل جائے تو آنچ تیزکرلیں۔
گوشت کا پانی سوکھ جائے تو گوشت کو اچھی طرح بھون لیں یہاں تک کے تیل نظر آنے لگ جائے۔

اس کے بعد اس میں تلی ہوئی پیاز شامل کرلیں اور 2 سے 3 گلاس پانی ڈال کر پکنے دیں۔

اب پسی جائفل جاوتری شامل کرکے 5 منٹ کے لیے ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔جب شوربہ تیار ہو جائے تو چولہا بند کریں اور کیوڑہ شامل کر کے بند کریں۔

لیجیے مزیدار مٹن قورمہ تیار ہے۔

مزید خبریں :