خصوصی رپورٹس
29 جون ، 2017

کراچی میں اس سال 12 ارب روپے سے زائد کی عید شاپنگ

کراچی میں اس سال 12 ارب روپے سے زائد کی عید شاپنگ

عید الفطر کے موقع پر ایک محتاط اندازے کے مطابق صرف کراچی میں 12 ارب روپے سے زائد شاپنگ کی گئی۔

تاجروں کے مطابق اس سال گزشتہ سال کے مقابلے میں 60 فیصد سے زائد کی شاپنگ کی گئی ہے اور چاند رات کو مارکیٹیں اذان فجر تک کھلی رہیں۔

تاجروں نے عید کی شاپنگ میں اضافے کی وجہ شہر میں امن و امان کی بہترین صورتحال کو قرار دیا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہےکہ رینجرز کی بہترین حکمت عملی کی وجہ سے چاند رات کو مارکیٹوں میں عوام کا رش رہا جب کہ حفاظتی اقدامات کے تحت سیکیورٹی اہلکاروں نے خارجی و داخلی راستوں کو بند کیے رکھا۔

تاجروں کے مطابق خواتین کی خریداری مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہوئی ہے۔ ٹیکسٹائل ملوں کی جانب سے خواتین کے نت نئے ڈیزائن کے ڈریس پیش کیے گئے تاہم مشہور برینڈ کے خواتین کے سوٹ کی نقل بھی فروخت ہو رہی تھی جس میں قیمت کا آدھا فرق ہوتا ہے۔

تاجروں کےمطابق بازاروں میں چین کی مصنوعات زیادہ فروخت ہو رہی تھیں، خاص طور پر بچوں کے کپڑوں اور شوز گاہکوں میں بہت مقبول ہورہے ہیں۔ چینی کوالٹی میں بچوں کے سوٹ دیدہ زیب اور خوب صورت ہونے کے ساتھ کم قیمت بھی ہیں اور اس طرح چین بچوں کی شوز کی مارکیٹ پر چھایا گیا ہے۔

چاند رات کو کراچی کا اہم تجارتی مرکز طارق روڈ عوام کی توجہ کا مرکز رہا جسے عید کی مناسبت سے خوب سجایا گیا تھا۔

بیشتر مارکیٹوں میں چاند رات کو ایک اور رجحان دیکھنے کو ملا جس میں دکانداروں نے خریداری کرنے والوں کو تحائف دیئے جب کہ بعض مارکیٹوں میں انعامی اسکیموں کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :