03 جولائی ، 2017
عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی پاکستانی سوشل کامیڈی فلم ”مہرالنسا ء وی لب یو “ اور یلغار باکس آفس پر یلغار کئے ہوئے ہیں جب کہ ہالی ووڈ فلمیں بھی کچھ زیادہ پیچھے نہیں۔
ایکشن جذبے اور جنون سے بھرپور”یلغار“ نے اپنے پہلے ہفتے میں تقریبا 9 کروڑ کا بزنس کرلیا جب کہ سوشل کامیڈی فلم ”مہرالنساء وی لب یو “ بھی ایک ہفتے کے دوران 8 کروڑ سے زائد سمیٹ چکی ہے۔
دونوں فلموں کا بزنس اب تک تقریباً برابر ہے لیکن دونوں کے بجٹ میں کافی فرق ہے۔ یلغار کا بجٹ 23 کروڑ ہے جب کہ مہرالنساء بنانے میں صرف 7 کروڑ کی لاگت آئی۔
یلغار کی اوپننگ زیادہ اچھی تھی لیکن مہرالنساء کا بزنس بھی ڈراپ نہیں ہوا اور سینما گھروں میں دونوں فلموں کو خوب پذیرائی حاصل ہے۔ یلغار کافی ممالک میں ریلیز ہوئی ہے لیکن صرف پاکستان کی بات ہو تو اگلے ہفتے تک دونوں فلموں کی باکس آفس پر کارکردگی سب کے سامنے آجائے گی۔
عید کے ہفتے میں ملک بھر کے سینماؤں میں تقریبا 25 کروڑ کا بزنس ہوا جس میں سے 17 کروڑ یلغار اور مہرالنساء نے سمیٹا جب کہ باقی پیسے ہالی وڈ کی فلمیں پائرٹس 5 اور ٹرانسفارمر 5 سمیت ہالی وڈ کی تین فلموں کے اکاؤنٹ میں گئے۔ بارش اور دیگر عوامل کی وجہ سے اس عید پر تقریباَ 2 کروڑ کا بزنس متاثر بھی ہوا۔
بالی وڈ کی ٹیوب لائٹ پاکستان میں تو لگ ہی نہ سکی لیکن جہاں جہاں لگی وہاں ایک ہفتے میں ہی فیوز ہوگئی۔ ٹیوب لائٹ نے اِس وقت تک اپنے دیس میں صرف 116 کروڑبھارتی روپے کمائے جب کہ دنیا بھر میں ٹیوب لائٹ کی کمائی 200 کروڑبھارتی روپے ہوئی ہے۔
ٹیوب لائٹ سلمان خان کی سات سال کے دوران پہلی فلاپ فلم ہے، سلمان کے عید فلموں کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے کسی نے کوئی اور فلم ریلیز ہی نہیں کی جس کی وجہ سے اب صورتحال یہ ہے کہ بھارتی سینما خالی پڑے ہیں۔
ہالی وڈ کی فلموں کی بات ہو تواس ہفتے ریلیز ہونے والی اینیمیٹیڈ فلم ”ڈسپکیبل می“ نے صرف امریکن باکس آفس سے 800 کروڑ اور دنیا بھر سے 20 ارب روپے سمیٹ لیے۔ ایک اور نئی ریلیز ہونے والی فلم ”بے بی ڈرائیور“ نے اب تک صرف امریکن باکس آفس سے 300 کروڑ روپے سمیٹے ہیں۔
بے بی ڈرائیور اور ڈسپکیبل می ابھی تک چین میں ریلیز نہیں ہوئیں۔ ٹرانسفارمر 5 نے چین کے 20 ارب کے بزنس کی وجہ سے دنیا بھر سے 45 ارب روپوں کا کاروبار کیا۔ اس پورے بزنس میں امریکا سے فلم کی کمائی کا حصہ صرف 10 ارب روپے ہے۔
ٹرانسفارمر سے پہلے ریلیز ہونے والی ایڈ ونچر سے بھر پور ”پائرٹس 5“ اور ایکشن پیک ”ونڈر ویمن “ دونوں فلموں کا اب تک دنیا بھر میں الگ الگ بزنس 72 ارب روپوں سے زیادہ ہوچکا ہے۔