شہر شہر
13 جولائی ، 2017

تربیلا، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ،مریدکے کی نہر میں شگاف

تربیلا، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ،مریدکے کی نہر میں شگاف

حالیہ بارشوں کے باعث ملک کے دو بڑے آبی ذخائر تربیلا اور منگلا ڈیم بھرنے کے قریب پہنچ گئے ، جبکہ مریدکے کی ایک نہر میں شگاف پڑنے سے سیکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی۔

بارشوں کے باعث ڈیموں میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے۔

محکمہ موسمیات کےمطابق 12 جولائی کو تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح1485فٹ ریکارڈ کی گئی تھی، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی حد 1550 فٹ ہے، یعنی ڈیم میں مزید پانی کی گنجائش صرف 65فٹ رہ گئی ۔

ادھر منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1210 فٹ تک پہنچ گئی، منگلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1242 فٹ ہے۔۔
یعنی ڈیم میں مزید پانی کی گنجائش صرف 32فٹ رہ گئی

دوسری جانب مریدکے کے علاقے پرکھو والے کے قریب نہر میں شگاف پڑنے سے سیکڑوں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی ہے۔

گاؤں پرکھو والے کے قریب نہر میں اچانک 25فٹ چوڑا شگاف پڑ گیا، جس سے بڑا رقبہ زیر آب آ گیا۔

نہر کے پانی کے باعث مکئی، جوار اور مختلف سبزیوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

مزید خبریں :