خصوصی رپورٹس
18 جولائی ، 2017

باکس آفس پر گزشتہ ہفتے راج کرنے والی فلمیں

باکس آفس پر گزشتہ ہفتے راج کرنے والی فلمیں

گزشتہ ہفتے دنیا بھر کے باکس آفس پر ہالی وڈ فلموں کا راج رہا لیکن ساتھ ساتھ بالی وڈ اور لالی وڈ فلموں نے بھی اچھا بزنس کیا۔

رنبیر کپور اور کترینہ کی ”جگا جاسوس“ کسی کو پسند آئی ہو یا نہیں، فلم نے اپنے دیس میں صرف تین دنوں میں 32 کروڑ بھارتی روپے کمالیے اور  دنیا بھر میں فلم کی آمدنی پاکستانی روپوں میں75 کروڑ ہوگئی۔

سجل، عدنان صدیقی اور سری دیوی کی ”مام“ نے دنیا بھر سے پاکستانی روپوں میں کروڑوں کی سینچری مکمل کرلی ہے۔ اپنے دیس میں اس فلم کا بزنس بھارتی روپوں میں30 کروڑ ہوگیا ہے۔

پاکستانی فلموں میں” مہرالنسا ء وی لب یو“ اب دبئی سمیت عرب امارات میں بھی ریلیز ہوگئی ہے۔ 6 کروڑ کے بجٹ کی یہ فلم اب تک دنیا بھر میں تقریباََ 14 کروڑکماچکی ہے جس نے صرف پاکستان میں لگ بھگ 13 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرلیا ہے جب کہ ٹی وی، میوزک اور ڈیجیٹل رائٹس کی کمائی الگ ہے۔

22 کروڑ سے بھی زیادہ بجٹ کی ”یلغار“ ابھی تک پاکستان میں صرف 15 کروڑ کے قریب بزنس کرچکی ہے اور ملک سے باہر بھی فلم نے اچھا بزنس نہیں کیا۔

اس ہفتے پروجیکٹ غازی کی ریلیز ملتوی ہونے کی وجہ سے یلغار کو بھی کچھ شوز اور مل گئے، مہرالنساء کا اس اتوار کو بھی ”ایٹریم“ پر شو ہاؤس فل رہا اور اس فلم کے پاس ”اب “شوز یلغار سے زیادہ ہیں۔

دنگل کے دو ہزار کروڑ کی الجھن سلجھن تو فلم کے پروڈیوسرز ہی کھولیں گے، ہماری جمع تفریق ضرب سے تو اس فلم کا بزنس 2ہزار کروڑ ہوچکا ہے کیونکہ فلم نے چین میں بھارتی روپوں میں1227کروڑ کما کر اپنا سفر مکمل کرلیا اور تائیوان سے فلم نے 50 کروڑ سے زائد سمیٹے ہیں۔

 اس سے قبل فلم دنگل نے بھارت سمیت دنیا بھر سے 737 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا اور اب اس طرح  دنیا بھر میں 2 ہزار کروڑ بھارتی روپوں سے زائد بزنس کرچکی ہے پاکستانی روپوں میں یہ رقم 32 ارب روپے بنتی ہے۔

چین میں پالیسی کے مطابق کمائی کا 25 فیصد فلم بنانے والوں کو ملتا ہے اس طرح اسطرح 1227 کروڑ میں سے صرف 300 کروڑ دنگل کے پروڈیوسرز کے پاس جائیں گے جن میں ایک عامر خان بھی شامل ہیں۔

ہالی وڈ کی فلموں کی بات ہو تو اینیمیٹڈ فلم ”ڈسپکیبل می“ اب تک دنیا بھر سے 65 ارب کماچکی ، پائرٹس 5 اور ” ونڈر وومن“ کا بزنس بھی 80 ارب سے زائد ہوچکا ہے۔

پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی اسپائیڈر مین کی نئی فلم نے دنیا بھر سے اب تک 38ارب روپے سمیٹنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔  اس ہفتے ریلیز ہونے والی ”وار فار دی پلانیٹ آف دی ایپیس“ صرف کینیڈا اور امریکا سے تین دنوں میں600 کروڑ پر قبضہ کرچکی ہے۔

خواہشیں پوری کرنے والے خونی ڈبے کی ڈراؤنی فلم”وش اپاؤن“ پہلے تین دن میں 60 کروڑ کا بزنس ہی کرسکی ہے۔

مزید خبریں :