19 جولائی ، 2017
بالی وڈ میں ڈبل رول کا تڑکہ اکثر کامیاب رہتا ہے اور فلموں کے دیوانے اپنے پسندیدہ ہیرو یا ہیروئن کے ڈبل رول کا سنتے ہیں تو فلم دیکھنے کیلئے بے چین ہوجاتے ہیں۔
ڈبل رول والی اکثر فلمیں کامیاب بھی ہوجاتی ہیں اور بالی وڈ میں بات صرف ڈبل رول تک نہیں بلکہ ٹرپل رول، چار کردار، 9 کریکٹرز بلکہ 12کرداروں تک گئی ہے جو ایک ہی اداکار نے ادا کیے۔
بالی وڈ کا ڈبل رول کبھی تو ہمشکل بھائیوں کا ہوتا ہے کبھی ہمشکل باپ بیٹے کا یا پھر بالکل انجانے ایک جیسے چہرے رکھنے والوں انسانوں کا اور فلم نگری میں پاپولر” جنم جنم“ کی کہانی کے کرداروں کا ہوتا ہے۔
اس وقت تین ایسی فلمیں ریلیز کیلئے تیار ہیں جن میں ہیرو کے ڈبل رول ہیں اور اتفاق سے یہ تینوں فلمیں ایسے ہیروز کی ہیں جن کے کیرئیر کا آغاز 2012 میں ہوا، تینوں نوجوان اسٹارز ہیں جن کے نام ورون دھون، سدھارت ملہوترا اور ارجن کپور ہیں۔
ایک اور دلچسپ بات یہ تینوں اسٹار بہترین نئے اداکار کا ایوارڈ ”وکی ڈونر“ آیوش مان کھرانہ کے سامنے ہار گئے تھے لیکن آج تینوں کا کیریئر آیوش مان سے آگے ہے اور ان تینوں فلموں میں ارجن کپور کی”مبارکاں“ جولائی کے آخر میں سدھارتھ کی ”جینٹلمین“ اگست میں اور سب سے آخر میں ورون دھون کی ”جڑواں2“ ستمبر میں دھوم مچائے گی۔
’’مبارکاں‘‘ میں انیل کپور بھی اپنے بھتیجے کے ساتھ پہلی بار کام کریں گے اور ارجن کے سامنے الیانا اور آتیہ شیٹھی ہیروئن کے رول میں نظر آئیں گی۔ فلم کے ڈائیریکٹر انیس بزمی ہیں جو ’’ویلکم‘‘، ’’نو انٹری‘‘ اور ’’ریڈی‘‘ جیسی بڑی اور کامیاب فلمیں بناچکے ہیں۔
جب کہ ارجن کپور خود اپنی دوسری ہی فلم ”اورنگزیب “ میں بھی جڑواں بھائیوں کا کردار ادا کرچکے ہیں۔
”اے جنٹیلمین“ نئی ٹیم کی مہنگی فلم ہے لیکن اس میں سدھارتھ کے ساتھ جیکولین ہیں جو خودفلم ”رائے“میں ڈبل رول کرچکی ہیں۔
’’جڑواں 2‘‘ریمیک ہے سلمان خان کی سپر ہٹ کامیڈی ایکشن ”جڑواں“ کا اور فلم کے سیکوئل میں یہ کردار ورون دھون نے کیے ہیں جو دونوں فلموں کے ہدایت کار ڈیوڈ دھون کے چھوٹے بیٹے بھی ہیں۔
ورون کے مقابل جیکولین اور تاپسی بطور ہیروئن اداکاری اور حسن کا جلوہ دکھائیں گی۔
جڑواں کی بات ہو تو سلمان خان نے بہت کم یہ کردار کیے ہیں سب سے پہلے ”کرن ارجن“ میں دو مختلف جنم میں ایک ہی کردار کا پھر ”جڑواں “میں دو ہمشکل بھائیوں کا پھر”ہیروز“ میں ایک جیسی شکل والے باپ بیٹے کو اور سب آخر میں ”پریم رتن دھن پایو“ میں ہمشکل شہزادے اور غلام کا۔
بالی وڈ کے سب سے بڑے خان عامر خان نے ہمیشہ بہت مخصوص کام کیا ہے اور ان کی ڈبل رول والی واحد فلم کا نام ”دھوم3“ ہے جس نے دنیا بھر میں 500 کروڑ کی دھوم مچائی تھی جب کہ عامر خان کی ہی ”رنگ دے بسنتی“ ایک منفرد فلم تھی جس کے کردار کو ڈبل رول کہنا تو مناسب نہیں لیکن یہ ایک منفرد ،کامیاب اور تخلیقی کردار ضرور تھا۔
شاہ رخ خان کو تو جیسے ڈبل رول کرنے کی عادت ہیں وہ ہر قسم کے ”ڈپلی کیٹ“ کردار ادا کرچکے ہیں بلکہ انھوں نے تو ایسے ڈبل رول کیے جن میں ایک انسان ہی نہیں بھوت ہوتا ہے۔
جب کہ ایک فلم میں وہ ویڈیو گیم کا کریکٹر بھی بنے۔
شاہ رخ نے ’’کرن ارجن‘‘، انگلش بابو دیسی میم(ٹرپل رول)، ڈپلی کیٹ، پہیلی، ڈان، اوم شانتی اوم، راون، اور فین میں ڈبل کردار نبھائے ہیں۔
اکشے کمار نے جے کشن، افلاطون، راؤڈی راٹھور اور کھلاڑی 786 میں ڈبل رول ادا کیے اور کامیاب رہے۔
اجے دیوگن ڈبل رول کے لحاظ سے سب سے بد قسمت ہیرو ہیں کیونکہ ان کی ”ایکشن جیکسن“ اور ”دیوانے“ سمیت چھ فلمیں ریلیز ہوئی جو ساری ناکام رہیں۔
گوندا نے بھی کئی ہمشکل کردار ادا کیے جن میں سب سے کامیاب”بڑے میاں چھوٹے میاں “ تھی۔ اسی طرح بڑے میاں یعنی بالی وڈ کے شہنشاہ کے ڈبل رول کی تو ایک طویل فہرست ہیں جن میں لال بادشاہ، سوریا ونشم، بڑے میاں چھوٹے میاں، طوفان، ڈان، مہان، گریٹ گیمبلر، قسمیں وعدیں، آخری راستہ، دیش پریمی اور رستے پہ ستہ شامل ہیں۔
یہاں بھی یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ڈبل رول کی سلطنت کے شہنشاہ امیتابھ ہیں اور بادشاہ شاہ رخ خان۔
شاہ رخ، سلمان اور عامر سے پہلے اور امیتابھ کے بعد کے ہیروز میں سنجے دت اور سنی دیول دو ایسے ہیروز ہیں جو ا س میدان میں بہت پیچھے ہیں لیکن انیل کپور اور جیکی شیروف نے بھی چند کامیاب فلموں میں ڈبل رول ادا کیے ۔
خان ہیروز کے بعد ہیروز بننے والوں میں ہریتھک روشن نے تو کیریئر کا آغاز ہی ڈبل رول سے کیا تھا۔ اپنے ساتھیوں میں اس وقت رنبیر کپور وہ شاید واحد ہیرو ہیں جو ابھی تک ڈبل رول سے دور ہیں کیونکہ ان سے سینئر سیف علی خان اور جونیئر سدھارت، ورون اور ارجن بھی اس میدان میں آگے نکل گئے ہیں۔
بالی وڈ میں ڈبل رول صرف ہیروز نہیں اداکاراؤں نے بھی ادا کیے ہیں بلکہ ولن بھی اور سائیڈ یا کامیڈی کریکٹرز نے بھی ان میں سب سے مشہورغالباََ” انداز اپنا اپنا“ کے پاریش راول کا کردار ہے۔ باقی ہیما مالنی کی ”سیتا اور گیتا “ سری دیوی کی ”چالباز“ کو کون بھول سکتا ہے۔
پریانکا چوپڑا کی فلم ”سات خون معاف “ کی کہانی تو پیچیدہ ہے لیکن ”واٹس یو راشی“ میں انھوں نے پورے 12مختلف کردار ادا کیے۔ پریانکا سے پہلے یہ ریکارڈ سنجیو کمار کے پاس تھا جنھوں نے فلم ” نیا دن نئی رات “میں 9 کریکٹرز نبھائے تھے۔
سنجیو کمار اور دیون ورما کی ”انگور“ اوردلیپ کمار کی ”رام اور شیام“ تو کلاسک ہیں لیکن غالباََسب سے پہلے ڈبل رول اشوک کمار نے فلم ”قسمت“ میں آج سے 70سال پہلے ادا کیا تھا۔
ایک اور دلچسپ بات کہ دلیپ کمار کی ”رام اور شیام“ہیما مالنی کی ”سیتا اور گیتا“سری دیوی کی ”چالباز“ اور انیل کپور کی ”کشن کنہیا“کی کہانیاں بالکل ایک جیسی ہیں لیکن یہ چاروں فلمیں بلاک بسٹر ہوئی۔ اسی طرح شاہ رخ کی ”ڈپلی کیٹ“ راجیش کھنہ کی ”سچا جھوٹا“ سے متاثر تھی۔
راجیش کھنہ کی ”آرادھنا اور دیو آنند کی ”ہم دونوں‘ اور”بنارسی بابو“ بھی ڈبل کردار والی کامیاب فلموں میں سے ایک ہیں۔
کمل ہاسن کے تین کرداروں والی ” اپو راجہ“ کامیاب لیکن ”ابھے“ فلاپ ہوئی جب کہ میگا اسٹار رجنی کانت کی” روبوٹ“ کو بھلا کون بھول سکتا ہے جس میں ولن بھی رجنی تھے اور ہیرو بھی رجنی لیکن ڈبل رول میں سب سے کامیاب فلم کا نام ہے ”باہو بلی 2“ جس نے صرف اپنے دیس میں ہزار کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا ہے۔
نئی ریلیز ہونی والی تینوں فلموں کی مجموعی آمدنی بھی باہو بلی کا ریکارڈ توڑ تو کیا اس کے قریب بھی نہیں جاسکے گی۔ ورون ،سدھارت اور ارجن تینوں نئی نسل کے ہیروز ہیں لیکن ابھی اس اسٹار ڈم سے بہت دور ہیں جو باہو بلی بناچکا ہے۔ ورون کی جڑواں 2 سدھارت کی ’’جنٹیلمین‘‘ اور ارجن کی ’’مبارکاں‘‘ کے بعد ریلیز ہوگی لیکن ان تینوں فلموں میں اسی کی ”ہائپ“ سب سے زیادہ ہے۔
اطلاعات یہ بھی ہیں کہ سلمان خان اس فلم میں مہمان اداکار کے طور پر جلوہ دکھائیں گے اور یہ انٹری بھی ڈبل انٹری ہوگی یعنی ایک نہیں دو سلمان خان اور اس میں پرانی والی ”جڑواں“ کے سپر ہٹ گانے بھی شامل کیے جائیں گے۔