پاکستان
Time 10 ستمبر ، 2017

کراچی: ہاکس بے پر جاں بحق 11 افراد کی نماز جنازہ ادا

کراچی میں ہاکس بے کے ساحل پر ڈوب کر جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے 11افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں میئر کراچی وسیم اختر، پاکستان تحریک انصاف کے ہنما عارف علوی، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان سمیت اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شدت غم سے نڈھال لواحقین کا کہنا ہےکہ ساحل پر کوئی لائف گارڈ نہیں تھا ،تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ آگے جانے سے منع کیا گیا تھا لیکن لوگوں نے بات نہیں سنی۔

ادھر میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ 27 کلو میٹر کی ساحلی پٹی شہری انتظامیہ کے پاس ہے، 27 کلومیٹر ساحلی پٹی کی نگرانی کے لیے46 لائف گارڈز ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزارت داخلہ تہواروں پر گھڑ سوار پولیس اہلکار تعینات کرے، پولیس کا کام سمندر کی سمت جانے والی سڑکیں بلاک کرنا نہیں ہے ۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز ہاکس بے کے ساحل پر پکنک مناتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 11افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔

ریسکیو ٹیموں کے مطابق ڈوبنے والے زیادہ تر افراد ایک دوسرے کو بچانے کی کوششوں میں سمندر کی نذر ہوئے ہیں۔ 

مزید خبریں :