11 ستمبر ، 2017
لاہور: پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی منگل کو کھیلا جائے گا تاہم اس میچ کے ٹکٹ بلیک میں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق 500 والا ٹکٹ ایک ہزار روپے میں خریدنے والے نوجوان بنک آف پنجاب کے باہر پہنچ گئے۔
میچز کے لیے کرکٹ شائقین کا جذبہ جوش و خروش عروج پر ہے، گزشتہ روز ہی پہلے ٹی ٹوئنٹی کے تمام ٹکٹس فروخت ہوگئے تھے۔
فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم اتوار اور پیر کی درمیانی شب لاہور پہنچی تھی جہاں چیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی اور دیگر آفیشلز نے مہمانوں کا استقبال کیا۔
بعد ازاں کھلاڑیوں کو انتہائی سخت سیکیورٹی کے حصار میں ہوٹل پہنچایا گیا۔
خیال رہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان ہونے والی سیریز کو آزادی کپ کا نام دیا گیا ہے جو 3 ٹی 20 میچز پر مشتمل ہے اور یہ تینوں میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 12ستمبر کو ہوگا جبکہ دوسرا میچ 13 کو اور تیسرا اور آخری میچ 15 ستمبر کو کھیلا جائےگا۔ یہ میچز پاکستانی وقت مطابق رات 7 بجے شروع کیے جائیں گے۔