کھیل
Time 26 ستمبر ، 2017

مصباح، یونس کی کمی تجربہ کار بیٹسمینوں کو پوری کرنا ہوگی، اسد شفیق

ابوظبی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان اور مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق نے کہا ہے کہ تجربہ کار مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائرمنٹ کے بعد کمی ضرور محسوس ہوگی البتہ اب موجودہ ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑیوں کا فرض ہے کہ میدان میں ان کی کمی کو پورا کریں۔

ابوظبی کے شیخ زاید اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے انھوں نے کہا کہ مصباح الحق اور یونس خان کی غیر موجودگی میں بیٹنگ آرڈر میں بھی تبدیلیاں ہورہی ہیں اور ٹیم منیجمنٹ اور کوچنگ اسٹاف سے میٹنگ میں یہی موضوع سرفہرست ہے۔

اسد شفیق نے کہا کہ سابق مایہ ناز بلے بازوں کی صلاحیتوں سے بہت کچھ سیکھا، اب مزید ذمہ داری سے بیٹنگ میں اپنا کردار نبھانا ہوگا۔

مڈل آرڈر بیٹسمین نے اپنے بیٹنگ آرڈر کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ اُن کو اب میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے کا موقع ملے گا۔

انھوں نے کہا ٹیم کے لڑکے فٹ ہیں، ان کنڈیشنز میں کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں جبکہ ٹیم کے ہر کھلاڑی کی توجہ فٹنس پر ہے۔

اسد شفیق نے بتایا کہ ٹیم بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کے معاملے میں بہت متوازن ہے، جبکہ انہوں نے یاسر شاہ، محمد عامر اور محمد عباس کی خصوصی تعریف کی۔

انھوں نے نوجوان کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ میر حمزہ نوجوان بھی ہیں، ٹیلنٹڈ بھی ہیں اور امارات میں کھیلنے کا تجربہ بھی رکھتے ہیں۔

سری لنکا کی ٹیم کے بارے میں جواب دیتے ہوئے اسد شفیق کا کہنا تھا کہ سری لنکا ان کنڈیشن میں اچھی حریف ثابت ہوتی ہے بالخصوص سری لنکن اسپنر رینگنا ہیرات بہت اچھے بولر ہیں، شائقین کو اچھا مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

مزید خبریں :