03 فروری ، 2012
کویت سٹی … خلیجی ریاست کویت کے پارلیمانی انتخابات میں مذہبی جماعتوں پر مشتمل اپوزیشن اتحاد کے بھاری اکثریت سے کامیابی کا امکان ہے۔کویت کی اپوزیشن جماعتوں نے "انسداد بدعنوانی اور اصلاح" کو انتخابی نعرہ قرار دے کر انتخابی مہم چلائی تھی، جسے عوام کی جانب سے سراہا گیا تھا۔ کویتی پارلیمنٹ کی کل پچاس میں سے 20 نشستوں پر اپوزیشن جماعتوں کے امیدواروں اور حکومت کے حامیوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ تاہم مبصرین کا خیال ہے کہ اس بار پارلیمنٹ میں اہل سنت والجماعت کے مذہبی حلقوں کے نمائندہ اتحاد کو نمایاں کامیابی ملنے کا امکان ہے۔کویتی پارلیمنٹ دسمبر میں اس وقت تحلیل کر دی گئی تھی جب ملک میں غیر معمولی سطح پر نوجوانوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کیے تھے۔ پرتشدد مظاہروں کے باعث نہ صرف ملک میں سیاسی نظام تعطل کا شکار ہوا بلکہ تیل کی پیداوار بھی متاثر ہوئی تھی۔