03 فروری ، 2012
مقبوضہ بیت المقدس … غزہ میں اسرائیلی جیلوں میں مقید فلسطینیوں کے اقارب کے احتجاج کے دوران غزہ کے دورے پر آئے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بین کی مون کے قافلے کو پتھر اور جوتے پڑگئے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان براہ راست امن مذاکرات کی بحالی کے لیے علاقے کا دورہ کررہے ہیں۔ ان کے قافلے کواسرائیل سے ایریز بارڈر کراسنگ کے ذریعے غزہ کی پٹی میں داخلے کے وقت فلسطینیوں کے غیظ وغضب کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انھوں نے بین کی مون کی کار پر جوتے پھینکے اور پتھراؤ کیا، لیکن ان کا ڈرائیور وہاں سے سرعت سے کار کو بھگا لے جانے میں کامیاب ہوگیا۔ واضح رہے کہ اس وقت کم سے کم پانچ ہزار فلسطینی اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں۔ بین کی مون نے گذشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور صدر شمعون پیریز سے مقبوضہ بیت المقدس میں ملاقات کی تھی اور ان سے مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ بعد میں نیتن یاہو کے ساتھ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے اسرائیل پر زور دیا تھا کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ تعطل کا شکار مذاکرات کی بحالی کے لیے سازگار اور مثبت ماحول پیدا کرے۔انھوں نے اسرائیل پر یہ بھی زوردیا تھا کہ وہ اس سال کے آخر تک فلسطینیوں کے ساتھ تنازعے کے حل کے لیے کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے کی کوشش کرے۔