03 فروری ، 2012
بغداد … عراق کی اعلیٰ عدالت نے دارالحکومت بغداد میں اکتوبر 2010ء میں ایک چرچ میں بم دھماکے کے جرم میں تین افراد کو ماتحت عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزائے موت کی توثیق کردی ہے۔ 31اکتوبر 2010ء کو مسلح افراد نے بغداد کے وسطی علاقے میں واقع لیڈی آف سالویشن چرچ پر دھاوا بول دیا تھا۔ اوردعائیہ تقریب میں شریک چوالیس افراد کو موت کے گھاٹ اتاردیا تھا، القاعدہ کی مقامی شاخھ الدولہ الاسلامیہ فی العراق نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔عراق کی سپریم جوڈیشل کونسل کے ترجمان عبدالستار بیرکدارنے بتایا ہے کہ وفاقی اپیل عدالت نے چرچ پر حملے کے جرم میں ماخوذ کیے گئے تین افراد کی سزائے موت کی تصدیق کی ہے۔بغداد کی ایک عدالت نے تینوں مجرموں کو2اگست 2011ء کو گرجا گھر پر بم حملے کے واقعہ میں قصور وار قراردے کر پھانسی کی سزا سنائی تھی اور ان کے ایک ساتھی کو بیس سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔