25 اکتوبر ، 2017
ابوظہبی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے پہلی مرتبہ باقاعدہ طور پر بکی کی جانب سے ان سے رابطے کی تصدیق کر دی ہے۔
ابو ظہبی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بکی کے رابطہ کرنے پر انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر کے وہی کیا جو انہیں کرنا چاہیے تھا لیکن اب تمام چیزیں معمول پر آ چکی ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں جب یہ معاملہ ہوا تو میں بالکل بھی خوفزدہ نہیں تھا لیکن جس طرح سے میڈیا سے اس معاملے کو اٹھایا تو اس نے مجھے تھوڑا پریشان کر دیا تھا۔
یاد رہے کہ جیو کے رپورٹر عبدالماجد بھٹی نے گزشتہ ہفتے یہ خبر بریک کی تھی کہ سرفراز احمد کو میچ فکسنگ کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے اس معاملے سے پی سی بی کو آگاہ کر دیا تھا۔
واقعے کے بعد سرفراز احمد نے آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ کو بھی اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا تھا۔