کھیل
Time 29 اکتوبر ، 2017

پاکستان نے ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی میں بھی سری لنکا کو وائٹ واش کردیا

فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کو 36 رنز سے شکست دیکر ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی وائٹ واش کردیا۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 181 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز ہی بنا سکا۔

سری لنکا کو پہلا نقصان دوسرے اوور میں ہوا جب محمد عامر نے مناویرا کو 10 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کردیا۔

اگلے ہی اوور میں عماد وسیم نے سدیرا سمارا وکرما کو 4 کے انفرادی اسکور پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا۔

مہمان سری لنکا کو تیسرا نقصان گناتھیلاکا کی صورت میں ہوا جو 9 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹ ٹرک کرنے والے فہیم اشرف نے اننگز کے نویں اوور میں 57 کے مجموعی اسکور پر اداوتے کو پویلین کی راہ دکھائی، ان کا کیچ بھی بابراعظم نے تھاما۔

فہیم اشرف نے سری لنکا کی جانب سے شاندار بلے بازی کرنے والے سن شناکا کو بھی 54 کے انفرادی اسکور پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا، انہوں نے اپنی اننگز میں 3 چکھے اور 5 چوکے لگائے۔

محمد عامر نے 106 کے مجموعی اسکور پر چھتورنگا ڈی سلوا کو بولڈ کیا، انہوں نے 20 گیندوں پر 21 رنز کی اننگ کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے ساتویں وکٹ حسن علی نے حاصل کی، انہوں نے تھسارا پریرا کو 10 رنز پر آؤٹ کیا۔

فوٹو: اے ایف پی

محمد عامر نے پتھیرانا کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو آٹھواں نقصان پہنچایا اور پھر ایک گیند بعد عامر نے سری لنکا کی نویں وکٹ بھی گرادی۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ فہیم اشرف کے حصے میں دو وکٹیں آئیں جب کہ عماد وسیم، محمد حفیظ اور حسن علی نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

پاکستان کے شعیب ملک کو شاندار نصف سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی اور  عمدہ کارکردگی دکھانے پر سیریز کا بھی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں مہمان ٹیم کے کپتان تھسارا پریرا نے ٹاس جیت کر پہلے سرفراز الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔

گرین شرٹس کی جانب سے شعیب ملک نے 24 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے سب سے زیادہ 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ 

فوٹو: اے ایف پی

بابراعظم 34 اور فہیم اشرف 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل فخر زمان اور عمر امین نے پراعتماد انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کا مجموعی اسکور 57 تک پہنچا تو فخر زمان 27 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنا کر دلشان مناویرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

دوسری وکٹ پر عمر امین اور بابراعظم نے 34 رنز جوڑے اور ٹیم کا مجموعہ 91 تک پہنچا تو عمر امین ایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 37 گیندوں پر 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شعیب ملک اور بابر اعظم نے تیسری وکٹ پر جارحانہ انداز اپنایا اور گراؤنڈ کے چاروں طرف زبردست اسٹروکس کھیلتے ہوئے 75 رنز جوڑے۔

قومی ٹیم کا مجموعی اسکور 166 تک پہنچا تو میچ کے آخری اوور کی چوتھی گیند پر شعیب ملک کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اور اگلی دو گیندوں پر فہیم اشرف نے 2 چھکے لگا کر ٹیم کا مجموعی اسکور 180 تک پہنچایا اور 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے وکم سنجایا، دلشان مناویرا اور اسیرو اودانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قذافی اسٹیڈیم کھچا کھچ تماشائیوں سے بھرا رہا اور شائقین نے دونوں ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی، میچ شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کے ترانے پڑھے گئے۔


مزید خبریں :