31 اکتوبر ، 2017
ممبئی: بالی وڈ اداکار نواز الدین صدیقی نے اپنی زندگی پر لکھی گئی کتاب’ این آرڈنری لائف‘ کو تنازعات کے بعد واپس لینے کا اعلان کردیا۔
نواز الدین صدیقی نے بالی وڈ میں اپنی جاندار اداکاری اور انتھک محنت کے باعث مقام بنایا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج انہیں فلم نگری میں ورسٹائل اداکار کی حیثیت حاصل ہے۔
نواز الدین کا فلم نگری کا سفر انتھائی کٹھن تھا جسے وہ ایک کتاب ’ این آرڈنری لائف‘ کی صورت میں دنیا کے سامنے لائے تھے لیکن ان کی یہ کتاب رونمائی سے پہلے ہی تنازعات کا شکار ہوگئی۔
نواز الدین نے کتاب کو 5 روز بعد ہی واپس لینے کا اعلان کیا ہے جو کہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں نواز الدین صدیقی نے کہا کہ ان کی کتاب سے جن لوگوں کو تکلیف اور دکھ پہنچا ہے وہ ان سے معافی مانگتے ہیں اور اپنی کتاب کو واپس لیتے ہیں۔
نواز الدین نے اپنی کتاب’این آرڈنری لائف‘ بہت ساری شخصیات کا ذکر کیا ہے لیکن انہوں نے کتاب میں کچھ متنازع باتیں لکھتے ہوئے کسی کا نام تبدیل نہیں کیا بلکہ ایک نام کے علاوہ کوئی بھی نام فرضی استعمال نہیں کیا جس کے باعث تنازعات سامنے آنا شروع ہوگئے تھے۔
نواز الدین نے اپنی کتاب میں کئی اداکاراؤں کے ساتھ معاشقوں کا بھی ذکر کیا اور کتاب میں بعض کے بارے میں قابل اعتراض مواد بھی شامل کیا گیا ہے۔