Time 22 نومبر ، 2017
پاکستان

حکومت نے حلقہ بندیوں سے متعلق بل پر اپوزیشن سے مدد مانگ لی

اسلام آباد: حکومت نے حلقہ بندیوں سے متعلق بل پر اپوزیشن سے مدد مانگ لی۔

سینیٹ کے گزشتہ اجلاس میں حکومت کی جانب سے نئی حلقہ بندیوں کا بل پیش کیے جانا تھا لیکن ارکان کی تعداد کم ہونے کے باعث بل پیش نہ کیا جاسکا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سینیٹ اجلاس میں آج یہ بل پیش کیے جانے کا امکان ہے جسے منظور کرانے کے لیے حکومتی کوششیں شروع ہوگئی ہیں اور حکومت نے اپوزیشن سے مدد مانگ لی ہے۔

جیونیوز سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بتایا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ان سے رابطہ کیا اور نئی حلقہ بندیوں سے متعلق قانون سازی کے لیے سینیٹ میں ساتھ دینے کی درخواست کی۔

خورشید شاہ کے مطابق وزیراعظم نے پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا اور آصف زرداری یا بلاول بھٹو سے ملاقات کرانے کا کہا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ وہ اپنی پارٹی قیادت سے صرف رابطہ کراسکتے ہیں لیکن فیصلے کا معاملہ ان کے اختیار سے باہر ہے، ساتھ دینے یا نہ دینے کا فیصلہ پارٹی مل بیٹھ کر کرےگی۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا انہوں نے وزیراعظم کو بتادیا کہ آپ کا پیغام اپنی قیادت کو پہنچا دیا ہے اس سے زیادہ مدد نہیں کرسکتا، بہتر ہے حکومت تحریری طور پر درخواست دے تاکہ قیادت سے مشورہ کیا جاسکے۔

مزید خبریں :