24 نومبر ، 2017
راولپنڈی: وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل اور سابق کپتان سلمان بٹ نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 209 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ قائم کرتے ہوئے عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
یہ معرکہ دونوں کھلاڑیوں نے راولپنڈی میں جاری قومی ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران سرانجام دیا جس کے باعث ان کی ٹیم لاہور وائٹس اسلام آباد کے خلاف میچ باآسانی 109 رنز سے جیت گئی۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ کینٹ کے جے ایل ڈینلی اور ڈی جے بیل ڈرمنڈ کے پاس تھا جنہوں نے انگلش کاؤنٹی کرکٹ کے دوران یہ شراکت ایسکس کے خلاف قائم کی۔
میچ میں کامران اکمل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 150 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ یہ کسی بھی پاکستانی کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی اننگز میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔
اس کے علاوہ یہ کسی بھی وکٹ کیپر کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کوک کے پاس تھا جنہوں نے 126 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
کامران اکمل کے ریکارڈ بننے کا سلسلہ یہیں ختم نہیں ہوا۔ یہ پہلی مرتبہ تھا کہ کسی پاکستانی نے 150 رنز کا ہندسہ عبور کیا جبکہ دنیا بھر میں کامران کے علاوہ آٹھ ایسے بلے باز ہیں جو یہ معرکہ سرانجام دے چکے ہیں۔
اس کے علاوہ کامران اکمل پہلے پاکستانی اور دنیا بھر میں تیسرے بلے باز بن گئے جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں لگاتار پانچویں نصف سنچری اسکور کی۔