دنیا
Time 25 نومبر ، 2017

مصر کی تاریخ کا بد ترین دہشتگرد حملہ، شہادتیں305 تک پہنچ گئیں

— فوٹو:بزنس انسائیڈر

قاہرہ: مصری تاریخ میں ہونے والے بدترین دہشت گرد حملے میں شہادتوں کی تعداد 305 تک پہنچ گئی ہے۔

مصر کے صوبے سیناء کے دارالخلافہ العریش کے علاقے بیر العبد کی الروضہ مسجد میں گزشتہ روز نماز جمعہ کے دوران ہونے والے بم دھماکے اور فائرنگ میں اب تک 305 افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 27 بچے بھی شامل ہیں۔

واقعے میں 120 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ حملے کے بعد مصری حکومت نے ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے ہنگامی حالت نافذ کردی تھی۔

مصری پراسیکیوٹر کے مطابق حملے میں 30 دہشت گرد ملوث تھے جنہوں نے داعش کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور حملہ آوروں نے چہرے پر ماسک اور فوجی لباس بھی پہنے ہوئے تھے۔

مصری تاریخ کے اس بدترین حملے کے فوری بعد فضائیہ نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس میں متعدد دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

مزید خبریں :