Time 01 دسمبر ، 2017
کھیل

بھارت کیخلاف قانونی جنگ کا پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، ذکاء اشرف

کراچی: سابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ذکاء اشرف نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرکٹ سیریز سے متعلق معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر قانونی جنگ سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور پاکستان کو اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

کراچی میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ معاہدے میں معاوضے کے حوالے سے کوئی شق موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو شرمندگی کے علاوہ کچھ نہیں ملے گا جبکہ بھارتی بورڈ پاکستان کو تنہا کرنے کی کوشش کرے گا۔

سابق چیئرمین نے کہا کہ جب وہ پی سی بی کے چیئرمین تھے تب بھی بھارت نے اسی طرح کی پیشکش کی تھی تاہم انہوں نے پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اصولی فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کہا پاکستان کا 2012 میں دورہ ہندوستان خیرسگالی کا دورہ تھا تاہم یہ کہنا غلط ہے کہ پاکستان کو اس سے نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی بورڈ نے تمام اخراجات اٹھائے اور پاکستان کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران اس وقت کے بی سی سی آئی چیف سری نواسن نے باہمی سیریز بحال کرنے کا وعدہ کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ اپنی حکومت کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے تاہم ایسا نہ ہوسکا۔

مزید خبریں :