09 دسمبر ، 2017
عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے عالمی دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف فتح کا اعلان کردیا۔
عراقی وزیر اعظم حیدر العبادی نے داعش کے خلاف 3 سالہ جنگ کی فتح کا اعلان بغداد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
عراقی وزیر اعظم کے مطابق عراقی فورسز نے شام سے متصل سرحدی علاقوں کا مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے اور عراق کے اندر بھی جاری جنگ میں دہشت گرد تنظیم کو مکمل شکست دے دی گئی ہے۔
حیدر العبادی نے کہا کہ ہمارا دشمن عام شہریوں کو قتل کرنا چاہتا تھا لیکن ہم نے قومی اتحاد اور عزم کے ساتھ انہیں شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت ہی کم عرصے میں داعش کو شکست دی ہے۔
دوسری جانب دفاعی تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ شکست کے باوجود داعش ایک شدت پسند تنظیم کے طور پر اب بھی اپنے سلیپر سیلز کے ذریعے دہشت گرد کارروائیاں کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ داعش نے 2014 میں بغداد سمیت عراق کے شمال اور مغرب میں بڑے پیمانے پر قبضہ کر لیا تھا۔
تین روز قبل روس کی وزارت دفاع نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ شام میں ہمارا داعش کے خلاف فوجی مشن مکمل ہو گیا ہے۔