Time 11 دسمبر ، 2017
دنیا

سعودی حکومت نے ملک میں سینما گھروں پر عائد پابندی اٹھالی

ریاض: سعودی حکومت نے ملک میں سینما گھروں پر 35 سال عائد پابندی اٹھالی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے پیر کے روز سینما گھروں پر طویل عرصے سے عائد پابندی اٹھانے کا اعلان کیا جو سعودی ولی عہد کے سماجی اصلاحات سے متعلق فیصلوں کا تسلسل ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی وزیر ثقافت و اطلاعات نے کہا کہ 35 سال کے بعد پہلی مرتبہ ملک میں سینما گھر آئندہ سال کے آغاز پر کھول دیئے جائیں گے جب کہ حکومت سینما گھروں کو فوری طور پر لائسنس جاری کرنے کا آغاز کرے گی۔

سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ سینما گھروں کا دوبارہ آغاز سعودی عرب کی نئی انقلابی فکر پیش کرے گا جب کہ وژن 2030 قدامت پسندوں کی مخالفت کے باوجود تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دے رہا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں سینما گھروں پر 1980 سے پابندی عائد تھی تاہم اب سعودی ولی عہد کے وژن 2030 کے منصوبے کے تحت ملک میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت سمیت انہیں اسٹیڈیم میں جاکر میچ دیکھنے کی بھی اجازت دی جاچکی ہے۔

مزید خبریں :