Time 31 دسمبر ، 2017
دنیا

مشیرقومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور بھارتی ہم منصب کی بنکاک میں اہم ملاقات


بھارتی مشیر قومی سلامتی اجیت دوول اور پاکستانی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کے درمیان بنکاک میں اہم ملاقات ہوئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کی قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان ملاقات پہلے سے طے شدہ تھی جب کہ ملاقات کے لئے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کا انتخاب کیا گیا۔

دونوں ممالک کے مشیر سلامتی کے درمیان ملاقات کی تاریخ کے حوالے سے متضاد اطلاعات ہیں، بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ دونوں کے درمیان ملاقات 26 دسمبر کو ہوئی جو 2 گھنٹے تک جاری رہی۔

پاک بھارت رابطوں کے حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی رانا جواد کا کہنا تھا کہ ملاقات درحقیقت 28 دسمبر کو ہوئی جس سے بہتری کی امید کی جاسکتی ہے کہ کوئی راستہ نکلے گا جس سے سرد مہری اور تناؤ کے ماحول میں کمی آئے گی۔

رانا جواد کا کہنا تھا کہ مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ 27 دسمبر کو تھائی لینڈ روانہ ہوئے جہاں 28 دسمبر کو انہوں نے بھارتی ہم منصب اجیت دوول سے بنکاک میں ملاقات کی۔

ملاقات کے حوالے سے اب تک سرکاری طور پر کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں تاہم بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ملاقات کے دوران لائن آف کنٹرول پر کشیدگی ختم کرنے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

دوسری جانب سابق سفیر نجم الدین شیخ نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج کے سخت بیان کے بعد انہیں پاک بھارت تعلقات کی برف پگھلنے میں پیش رفت کا امکان نظر نہیں آتا۔

مزید خبریں :