پاکستان
Time 03 جنوری ، 2018

امریکی امداد بند ہونے سے فرق نہیں پڑتا، متبادل ذرائع موجود ہیں، کابینہ کو بریفنگ


اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس نے مردم شماری کے عبوری نتائج کو حلقہ بندیوں کے لیے استعمال کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان اور ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات میں پاکستان کی جوابی حکمت عملی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی کابینہ نے اتفاق کیا کہ ہزاروں جانوں کی قربانی کے باوجود پاکستان پر الزامات انتہائی افسوسناک ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف نے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کے ساتھ ڈکٹیٹر مشرف نے بہت برا کیا، ماضی میں جو ہوا غلط ہوا، لیکن موجودہ حالات میں سول اور عسکری قیادت ایک صفحے پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے امداد بند کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، کیونکہ پاکستان کے پاس بھی کئی آپشن موجود ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ انہوں نے مزید کہا کہ اب بھی دہشتگردی کے خاتمے اورافغانستان میں امن کے لیے پُرعزم ہیں، اور کل قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کو بھی اعتماد میں لیں گے۔

خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر پر ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران اسلام آباد کو 33 ارب ڈالر امداد دے کر بے وقوفی کی۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ امریکی امداد کے بدلے میں پاکستان نے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا۔

امریکی صدر کے بیان پر پاکستان اور امریکا کے تعلقات ایک بار پھر کشیدگی کی طرف جاچکے ہیں۔

—تصویر بشکریہ پی آئی ڈی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس بھی ہوا جس میں جلد بازی میں کوئی قدم نہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ کابینہ نے ملکی اقتصادی صورت حال سمیت سیکیورٹی صورت حال کا بھی جائزہ لیا۔

وفاقی کابینہ نے مردم شماری کےعبوری نتائج حلقہ بندیوں کے لیے استعمال کرنے کی منظوری دیدی ہے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں ملک کے کل 1 لاکھ 68 ہزار میں سے 1 لاکھ 63 ہزار بلاکس کے نتائج جاری کرنے ی منظوری بھی دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے چھٹی مردم شماری کے بلاکس کی سطح کے نتائج جاری کرنے کی سمری شماریات ڈویژن بھجوانے کی ہدایت بھی کی ہے اور نئی آئینی ترمیم کے بعد الیکشن کمیشن عبوری نتائج پر حلقہ بندیاں کرے گا۔

ادارہ شماریات کی جانب سے مردم شماری 2017 کے عبوری نتائج کے مطابق ملک کی مجموعی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ 74 ہزار 520 ہے۔

ادارہ شماریات کے اعدادو شمار کے مطابق سب سے زیادہ آبادی 11 کروڑ 12 ہزار 442 صوبہ پنجاب کی ہے جبکہ آبادی کے لحاظ سے دوسرا نمبر سندھ کا ہے جس کی آبادی 4 کروڑ 78 لاکھ 68 ہزار 51 ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا کی آبادی 3 کروڑ 5 لاکھ 23 ہزار 371 ہے جبکہ بلوچستان کی آبادی 1 کروڑ 23 لاکھ 44 ہزار408 ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی آبادی 20 لاکھ 6 ہزار 572 نفوس پر مشتمل ہے جبکہ ادارہ شماریات نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے نتائج جاری نہیں کیے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران امریکا کی جانب سے پاکستان پر متعدد بار دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا جا چکا ہے جس کے جواب میں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے واضح پیغام دیا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں اور امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر گرانے کے لیے بے بنیاد الزامات عائد کر رہا ہے۔

مزید خبریں :